اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان کی جانب سے کشیدگی کم کرنے اور سفارتی کوششوں کو کامیاب بنانے میں ادا کیے گئے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی مخلصانہ کاوشیں ایرانی قوم کی یادداشت میں ہمیشہ محفوظ رہیں گی۔
ایرانی صدارتی دفتر کے مطابق صدر پزشکیان اور پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو ہوئی جس میں حالیہ معاہدے، علاقائی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
صدر پزشکیان نے کہا کہ پاکستانی قیادت نے ذمہ داری، اخلاص اور خیرسگالی کے ساتھ مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے وزیرِ اعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی کوششوں کو خصوصی طور پر سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی یہ مثبت اور برادرانہ کاوشیں اسلامی اخوت اور علاقائی ذمہ داری کی بہترین مثال ہیں اور ایران ان خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھے گا۔
دوسری جانب وزیرِ اعظم شہباز شریف نے حالیہ معاہدے کو علاقائی امن و استحکام کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی قیادت اور عوام نے مذاکراتی عمل کے دوران جس صبر، برداشت اور دانشمندی کا مظاہرہ کیا وہ قابلِ تعریف ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان صرف ہمسایہ ممالک نہیں بلکہ گہرے تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتوں میں بندھے ہوئے برادر ممالک ہیں۔ پاکستان نے نیک نیتی اور ذمہ داری کے ساتھ ثالثی کی کوششیں کیں اور آئندہ بھی امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
وزیرِ اعظم نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ معاہدے پر مسلسل عملدرآمد سے خطے میں امن، ترقی اور اقتصادی تعاون کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے سائنس و ٹیکنالوجی، صنعت، زراعت، تجارت اور معیشت سمیت مختلف شعبوں میں ایران کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
گفتگو کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ مشاورت، تعاون اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آپ کا تبصرہ