اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا، حزب اللہ لبنان نے ایران اور امریکہ کے درمیان تمام محاذوں، بشمول لبنان، میں جنگ بندی کے حوالے سے ہونے والے معاہدے کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔
پیر کے روز جاری کردہ بیان میں حزب اللہ نے کہا کہ یہ معاہدہ ایرانی عوام کی استقامت، مزاحمت اور اسلامی انقلاب کی دانشمندانہ قیادت کا نتیجہ ہے۔ تنظیم نے لبنان کے حقوق کے دفاع کے لیے مذاکرات کے دوران ایران کے کردار کو سراہا۔
بیان میں ثالثی کرنے والے ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ معاہدہ لبنان کی مکمل آزادی، سرحدی علاقوں میں بے گھر افراد کی واپسی اور اسرائیلی حملوں سے ہونے والی تباہی کی تعمیرِ نو کی راہ ہموار کرے گا۔
حزب اللہ نے سرحدی علاقوں کے رہائشیوں سے اپیل کی کہ وہ واپسی کے لیے سرکاری ہدایات کا انتظار کریں تاکہ اسرائیل کی جانب سے ممکنہ خلاف ورزیوں کے خطرات سے محفوظ رہ سکیں۔
تنظیم نے اسرائیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مزاحمت کبھی بھی 2 مارچ سے پہلے کی صورتحال کی واپسی کی اجازت نہیں دے گی اور اپنی سرزمین اور خودمختاری کے دفاع کے لیے پوری طاقت کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
حزب اللہ نے لبنانی حکومت پر زور دیا کہ وہ قومی خودمختاری کے حصول اور داخلی اتحاد کو مضبوط بنانے کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی حمایت سے بھرپور فائدہ اٹھائے۔
آپ کا تبصرہ