اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، شہر قم کے میدانِ مرجعیت میں رہبرِ شہید امام خامنہ ای کے سب سے بڑے شہری یادگاری نمونے کی رونمائی کردی گئی۔ تقریب میں آیت اللہ محمدی عراقی، حجت الاسلام ملکا، فرامرز عظیمی اور دیگر شہری حکام نے شرکت کی۔
90 مربع میٹر رقبے، 11 میٹر بلندی اور 8.5 میٹر چوڑائی پر مشتمل یہ یادگاری نمونہ قم کے بڑے شہری منصوبوں میں شمار ہوتا ہے، جسے بلدیہ قم نے ماہرین اور شہری خوبصورتی کے ادارے کے تعاون سے تیار کیا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فرامرز عظیمی نے کہا کہ رہبرِ انقلاب اسلامی کی شہادت کی خبر سامنے آتے ہی شہری انتظامیہ نے اپنی ذمہ داریوں کو جہادی جذبے کے ساتھ انجام دینا شروع کر دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ بلدیہ کے مختلف شعبوں کے کارکنوں نے مسلسل محنت اور منصوبہ بندی کے ذریعے شہر میں امن و استحکام برقرار رکھا اور حالیہ جنگی حالات کے دوران شہری زندگی کے معمولات متاثر نہیں ہونے دیے۔
میئر قم نے میدانِ مرجعیت کی مذہبی اور ثقافتی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس مقام پر پہلے ہی امام خمینی، آیت اللہ بروجردی اور آیت اللہ حائری یزدی کی یادگاریں موجود تھیں، تاہم اس مجموعے میں رہبرِ شہید کی یادگار کی کمی محسوس کی جا رہی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کا ڈیزائن، تعمیر اور تنصیب صرف 72 گھنٹوں میں مکمل کی گئی اور آج اسے عوام کے لیے پیش کر دیا گیا ہے۔
فرامرز عظیمی نے منصوبے پر کام کرنے والے تمام انجینئرز، ڈیزائنرز اور بلدیہ کے عملے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شبانہ روز محنت کے نتیجے میں یہ یادگار مختصر وقت میں مکمل ہوئی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ بلدیہ قم آئندہ بھی شہریوں کی خدمت اور شہر کی ترقی کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لاتی رہے گی۔
آپ کا تبصرہ