اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، چین نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایران کے جوہری مسئلے کے سیاسی اور سفارتی حل کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
چینی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماؤ نینگ نے آج منگل کو پریس بریفنگ کے دوران ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جنگ شروع ہونے کے بعد سے چین مسلسل ایران سمیت تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے اور جنگ بندی و امن کے قیام کے لیے سرگرم کوششیں کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین صدر شی جن پنگ کی چار نکاتی تجویز کی روح کے مطابق مشرقِ وسطیٰ اور خلیجی خطے میں جلد از جلد امن و استحکام کی بحالی کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔
ماؤ نینگ نے مزید کہا کہ ایران کے جوہری معاملے پر چین ہمیشہ مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے پرامن حل کی حمایت کرتا آیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام فریق موجودہ موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ایسے حل تک پہنچیں گے جس میں سب کے جائز تحفظات کو مدِنظر رکھا جائے۔
چینی ترجمان کے مطابق بیجنگ عالمی جوہری عدم پھیلاؤ کے نظام کے تحفظ، ایران کے جوہری مسئلے کے سفارتی حل، اور مشرقِ وسطیٰ سمیت دنیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
آپ کا تبصرہ