5 فروری 2026 - 18:14
دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں: چینی سفیر

چینی سفیر نے محسن نقوی سے ملاقات کی جس دوران انہوں نے چینی شہریوں کی سکیورٹی پر اقدامات پر شکریہ بھی ادا کیا/ اسکرین گریب

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، پاکستان میں چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ نے کہا ہےکہ چین ہر طرح کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے اور ہم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔

وزیرداخلہ محسن نقوی سے چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ کی اہم ملاقات ہوئی جس میں چینی سفیر نے بلوچستان میں ہونے والی حالیہ دہشت گرد حملوں کی مذمت کی اور متاثرہ خاندانوں سےتعزیت اورہمدردی کا اظہار کیا۔

‎‎ملاقات میں انسدادِ دہشتگردی سمیت داخلی سلامتی اور سکیورٹی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ انٹیلی جنس شیئرنگ اور سائبر کرائمز کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔

چینی سفیر نے کہا کہ دکھ کی گھڑی میں متاثرین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، چین ہر طرح کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے اور ہم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔

اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشتگردی منظم اور طے شدہ منصوبے کے تحت کی گئی مگر بلوچستان میں دہشتگردی پر سکیورٹی فورسزنے بروقت مؤثر رسپانس دیا۔

وزیرداخلہ نے چینی سفیر کو چینی شہریوں اور چینی پروجیکٹس کی حفاظت کے اقدامات پر بریف کرتے ہوئے کہا کہ چینی شہریوں اور پروجیکٹس کی حفاظت بے حد عزیز ہے،  ‎چینی شہریوں کو ہرممکن سکیورٹی فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے لہٰذا اسی تناظر میں چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لیے اسپیشل پروٹیکشن یونٹ تشکیل دیا جا رہا ہے، پاک چین دوستی کو دشمن کسی صورت نقصان نہیں پہنچا سکتا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ انسداد دہشتگردی آپریشنز کے لیےجدید چینی ٹیکنالوجی اور ساز وسامان معاون ثابت ہوگا۔

محسن نقوی اور چینی سفیر نے پاک چین اسٹریٹیجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور چینی سفیر نے چینی شہریوں کی سکیورٹی پر اقدامات پر شکریہ بھی ادا کیا جب کہ  محسن نقوی نےچین کی جانب سے ہر موقع پر غیر متزلزل حمایت پر چینی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha