بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا || امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان تھامس پیگوٹ نے کہا کہ "چین کی فوجی سرگرمیاں اور تائیوان کے خلاف بیان بازیاں کشیدگی کو غیر ضروری طور پر بڑھا رہی ہیں۔"
امریکی محکمہ خارجہ کی ویب سائٹ نے جزیرہ تائیوان کے قریب چین کی حالیہ بڑے پیمانے پر مشقوں کے جواب میں ایک بیان شائع کیا جس کا عنوان تھا: "تائیوان کے قریب چین کی فوجی مشقوں پر رد عمل۔"
بیان میں، امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان نے کہا: "تائیوان اور خطے کے دیگر ممالک کے خلاف چین کی فوجی سرگرمیاں اور بیان بازی غیر ضروری طور پر کشیدگی میں اضافہ کر رہی ہے۔ ہم بیجنگ سے تحمل سے کام لینے، تائیوان کے خلاف اپنا فوجی دباؤ بند کرنے اور اس کے بجائے بامعنی بات چیت کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔"
چین کی فوج نے پیر کو تائیوان کے محاصرے کی مشق کرنے کے لئے بڑی جنگی مشقوں کا انعقاد کیا، جس کے بارے میں بیجنگ کے کہنے کے مطابق، یہ مشقیں "علیحدگی پسند قوتوں کے لئے ایک سنگین انتباہ" ہيں۔
تائیوان خود کو ایک خودمختار ملک سمجھتا ہے جبکہ چین اس جزیرے کو اپنی سرزمین کا حصہ اور اٹوٹ انگ سمجھتا ہے اور اس نے کئی بار مغرب کو تائیوان کے معاملات میں مداخلت سے خبردار کیا ہے۔
چینی صدر شی جن پنگ نے نئے سال کے پیغام میں آبنائے تائیوان کے دوبارہ اتحاد کو "نہ رکنے والا" عمل قرار دیا۔
پیگوٹ نے واشنگٹن کی طرف سے بات کرتے ہوئے بیجنگ سے مخاطب ہوکر کہا: "امریکہ آبنائے تائیوان میں امن اور استحکام کی حمایت کرتا ہے اور موجودہ صورت حال ـ طاقت کا استعمال کرکے ـ خطے میں یکطرفہ تبدیلیوں کی مخالفت کرتا ہے۔"
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ