17 اپریل 2010 - 19:30

گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران آپریشن راہ نجات میں2 دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے جبکہ تین سیکورٹی اہل کار بھی زخمی ہوئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنڈولہ سیکٹر میں جناٹا کے قریب سیکورٹی فورسز پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی جس کا بھر پور جواب دیا گیا۔

ٹانک میں سرچ آپریشن کے دوران دو مشتبہ دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے
شکئی سیکٹر میں سیکورٹی فورسز کا گھانی خیل، چیلوسطئی، شرونہ پنگہ،بلاندخیل،مانازئی، گوراسر،تانائی،تیرازاہ فورٹ اور توروام پل کے علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران7 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ،بارود بر آمد کر لیا۔
شکئی سیکٹر میں بلاندخیل کے قریب سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجہ میں تین سیکورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔
رزمک سیکٹر میں پاش زیارت کے قریب سرچ آپریشن میں کئی کمپاونڈز خالی کروا لئے گئے اور میران شاہ کے قریب دہشت گردوں کی پی ٹی سی ایل اور گرڈ اسٹیشن پوسٹ پر فائرنگ کا بھر پور جواب دیا گیا۔
مالاکنڈ اور سوات میں آپریشن راہ راست کے دوران سیکورٹی فورسز کا دوغلا گئی کے قریب کئی مقامات پر سرچ آپریشن بھاری مقدار میں اسلحہ بر آمد کر لیا گیا جبکہ چار باغ اور توتان بنڈا میں سرچ آپریشن کے دوران تین دہشت گردوں نے خود کو سیکورٹی فورسز کے حوالے کر دیا۔
شمالی وزیرستان میں شدت پسندوں نے امریکا کے لئے جاسوسی کے الزام میں چھ افراد کوقتل کردیا۔ ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک سے پانچ لاشیں ملیں جبکہ ایک لاش میران شاہ کے نواحی علاقے سے ملی ہے۔لاشوں کے پاس سے ملنے والی تحریر میں درج ہے کہ جو بھی امریکا کے لئے جاسوسی کرے گا اس کا یہی انجام ہوگا۔
ایف سی ذرائع کے مطابق تحصیل باڑہ میں شدت پسندوں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ دوسری جانب خیبرایجنسی کی تحصیل باڑہ میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں ایک اہلکار ہلاک اور دو افراد زخمی ہوگئے۔ریموٹ کنٹرول بم باڑہ کے علاقے نالہ کجھوری میں سڑک کے کنارے نصب کیا گیا تھا۔
زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیٹیکل انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات شروع کردیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے ۔
شمالی وزیرستان کے علاقے ہمزونی میں مقامی قبائلیوں نے بھاری ہتھیاروں کے استعمال کرتے ہوئے امریکی جاسوس طیارے کو مار گرایا۔
ذرائع کے مطابق امریکی جاسوس طیارے کو اس وقت گرایا گیا جب وہ گذشتہ بارہ گھنٹوں سے مسلسل نچلی سطح پر پرواز کررہا تھا۔
قبائلیوں کا کہنا تھا جاسوس طیارے کو پہاڑی علاقے میں گرایا گیا جس کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ واقعہ کے بعد شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں مزید چار امریکی جاسوس طیاروں کی نچلی سطح پر پروازیں شروع ہوگئیں۔
پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ افغان سرحد کے قریب واقع دو پاکستانی علاقوں میں پاکستانی سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں بائیس دہشت گرد اور دو فوجی ہلاک ہو گئے ہیں.
پاکستان کے دو سکیورٹی عہدے داروں نے بتایا ہے کہ وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں اورکزئی اور کرم ایجنسی میں مسلح جنگجوؤں نے سکیورٹی چیک پوائنٹس پر حملے کئے تھے جس کے بعد جھڑپیں شروع ہو گئیں جن میں دو فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں.
انہوں نے بتایا ہے کہ ان علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے جس کے دوران پچیس مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے. کرم ایجنسی میں پاک فوج کے کمانڈر کرنل توصیف اختر نے بتایاکہ علاقے میں چھ دیہات کو طالبان دہشت گردوں  سے خالی کرا لیا گیا ہے.
طالبان شدت پسندوں نےصوبہ سرحد کے ضلع چارسدہ میں ایک اسکول کو بم دھماکے سے اڑادیا
ضلع چارسدہ میں طالبان مسلح دہشت گردوں نے لڑکیوں کے ایک نجی سکول کو دھماکہ خیز مواد سے تباہ کر دیا ہے۔یہ واقعہ سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب تحصیل شب قدر کے علاقے گڑینگی روڈ پر بازار کے قریب پیش آیا۔اطلاعات کے مطابق مسلح افراد نے ایک نجی تعلیمی ادارے اقراء پبلک سکول میں دو بم نصب کیے تھے جس کے پھٹنے سے سکول میں قائم دو کمرے اور چاردیواری تباہ ہوگئی ہے۔
کراچی: ہوٹل کے باہر بیٹھے افراد پر فائرنگ ،2زخمی 
کراچی میں راشد مہناس روڈ پر مسلح افراد کی فائرنگ سے چائے کے ہوٹل کے باہر موجود دو افراد زخمی ہوگئے،جبکہ فائرنگ کرنے والے ملزمان فرار ہوگئے۔پولیس کے مطابق راشد مہناس روڈ پر الہ دین پارک کے قریب واقع موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرتے ہوئے چائے کے ہوٹل کے باہر بیٹھے ہوئے دو افراد کو زخمی کردیا،زخمیوں کی شناخت18 سالہ محمد عمر ولداسمعیل اور31 سالہ محمد عارف ولد محمد ذین کے نام سے ہوئی ہے،،جنھیں طبی امداد فراہم کرنے کے لئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا،جبکہ واقعے کی رپورٹ تھانہ عزیز بھٹی کو بھی کردی گئی۔