اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، بیروت کے صدارتی محل بعبدا میں جمعہ کے روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے رکن ممالک کے نمائندگان کے وفد سے ملاقات کے دوران، لبنانی صدر جوزف عون نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالے تاکہ وہ جنگ بندی پر عمل کرے اور قبضہ شدہ لبنانی علاقوں سے پسپا ہو۔
الجزیرہ کے مطابق، صدارتی محل نے بتایا کہ جوزف عون نے اس ملاقات میں لبنان کی جانب سے بین الاقوامی قراردادوں پر مکمل عمل درآمد کے عزم کو دہراتے ہوئے عالمی برادری سے درخواست کی کہ وہ لبنانی فوج کی مدد کرے تاکہ وہ اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دے سکے۔
سلامتی کونسل کے وفد نے بھی بین الاقوامی قراردادوں کے مکمل نفاذ، لبنان میں استحکام کی حمایت اور اس بات پر زور دیا کہ ملک میں اسلحہ صرف ریاست کے اختیار میں ہونا چاہیے۔
سفر کا مقصد
یہ وفد لبنان اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی اور آئندہ سال کے آخر میں یونیفل مشن کے خاتمے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے بیروت پہنچا ہے۔ وفد لبنانی صدارت اور پارلیمان کے سربراہان سے ملاقات کے بعد جنوبی لبنان کا بھی دورہ کرے گا تاکہ زمینی صورتحال کا قریب سے جائزہ لے سکے۔
غیر معمولی ملاقات کے بعد یہ سفر
یہ دورہ اس اہم نشست کے ایک روز بعد ہورہا ہے، جو بدھ کو لبنان اور اسرائیل کے غیر فوجی نمائندگان کے درمیان امریکی موجودگی میں الناقورہ میں منعقد ہوئی۔ اس اجلاس کا مقصد جنوبی لبنان میں اسرائیلی جارحیت اور کشیدگی میں کمی لانا تھا۔
جوزف عون کے مطابق، یہ ابتدائی اجلاس 19 دسمبر سے شروع ہونے والے مذاکراتی سلسلے کے لیے بنیاد فراہم کرتا ہے، اور لبنان اس بات پر زور دیتا ہے کہ جنگ کے بجائے مذاکرات کی زبان کو تقویت دی جائے۔
کمیٹی مکانیزم اور جنوبی لیتانی کا منصوبہ
صدر عون نے جمعرات کو کابینہ کے اجلاس میں اعلان کیا کہ "سیمون کرم" کو لبنانی وفد کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے جو "کمیٹی مکانیزم" میں لبنان کی نمائندگی کرے گا۔ یہ کمیٹی لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی پر عمل درآمد کی نگرانی کی ذمے دار ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ اقدام کسی لبنانی گروہ کے خلاف نہیں بلکہ ملک کے تحفظ اور جنگ کو روکنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
اسی اجلاس میں لبنانی فوج کے کمانڈر نے جنوبی لیتانی کے علاقوں میں اسلحہ کو صرف ریاست کے دائرے تک محدود کرنے سے متعلق تیسرے ماہانہ رپورٹ بھی پیش کی۔ یہ منصوبہ 5 اگست کی قرار داد کے مطابق اس سال کے اختتام تک مکمل کیا جانا ہے۔
جوزف عون کا عالمی برادری سے اسرائیل پر دباؤ بڑھانے کا مطالبہ
آپ کا تبصرہ