بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا || ڈان نیوز کے مطابق، پشاور میں صدر روڈ پر فیڈرل کانسٹیبلری کے ہیڈکوارٹرز کے گیٹ پر خودکُش دھماکے کے بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں، ایک بمبار نے خود کو ایف سی ہیڈکوارٹر کے گیٹ پر دھماکے سے اُڑا دیا، ایف سی اہلکاروں نے جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے فتنۃ الخوارج کے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، اس دوران 3 ایف سی اہلکار شہید بھی ہوئے۔

سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے، علاقے کی کلیئرنس کا عمل جاری ہے۔
پشاور صدر کے قریب ڈینز ٹریڈ سینٹر کے بالمقابل ایف سی ہیڈ کوارٹرز پر خودکش حملے کی تصدیق انسپکٹر جنرل (آئی جی) خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے بھی کی ہے، دھماکے کی اطلاع ملنے کے بعد ریسکیو اور ایمبولینس سروسز کو جائے وقوع کی جانب روانہ کر دیا گیا۔
کیپیٹل سٹی پولیس افسر (سی سی پی او) میاں سعید نے بتایا کہ 3 خودکش حملہ آوروں نے فیڈرل کانسٹیبلری پر حملہ کیا، ایک خودکش حملہ آور نے خود کو مرکزی گیٹ پر اڑایا جب کہ 2 خودکش حملہ آور فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹرز کے اندر داخل ہوئے۔
میاں سعید نے بتایا کہ فیڈرل کانسٹیبلری کے اہلکاروں نے دونوں حملہ آوروں پر فائرنگ کی، تینوں خودکش حملہ آور مارے گئے ہیں، فیڈرل کانسٹیبلری کے جوانوں نے بہادری سے خودکش حملے کو ناکام بنایا۔
ڈپٹی کمانڈنٹ ایف سی جاوید اقبال کے مطابق تینوں خودکش حملہ آور مارے گئے، جوانوں نے بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، خودکش حملے میں ایف سی کے 3 اہلکار شہید ہوئے۔
ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں 9 افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد دی جا رہی ہے، حملے میں زخمی ہونے والوں میں 2 ایف سی اہلکار اور 7 شہری شامل ہیں، تمام زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور ان کی حالت تسلی بخش ہے۔
آئی جی ذوالفقار حمید نے بتایا کہ 2 بمبار ایف سی ہیڈکوارٹر میں داخل ہونا چاہتے تھے، جنہیں اہلکاروں نے گیٹ پر ہی ہلاک کر دیا، اس دوران ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا، پولیس جائے وقوع پر موجود ہے، جب کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن کا عمل جاری ہے۔
ہلاک دہشتگرد افغان شہری نکلے
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پشاور میں صدر کوہاٹ روڈ پر آج صبح تقریباً 8 بجے فتنۃ الخوارج نے فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹر پر حملے کی کوشش کی، جسے بہادر ایف سی جوانوں نے ناکام بنا دیا، ایف سی ہیڈ کوارٹرز پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں کی شناخت کرلی گئی ہے، ہلاک ہونے والے تینوں دہشت گرد افغان باشندے تھے، ہلاک دہشت گردوں سے ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
ذرائع کے مطابق خوارج نے فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹرکے گیٹ پر خودکُش دھماکا کیا۔

خودکُش دھماکے کے بعد 2 خوارج نے ہیڈکوارٹرز میں گھسنے کی کوشش کی جن کو مار دیا گیا، تینوں حملہ آور جہنم واصل ہو چکے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فائرنگ کی آواز رک گئی ہے، حملے میں فیڈرل کانسٹیبلری کے 3 اہلکار شہید ہوئے جبکہ 2 زخمی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے، علاقے کی کلیئرنس کی جا رہی ہے۔
بڑے نقصان سے بچ گئے، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے پشاور میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کی بدولت بڑے نقصان سے بچ گئے ہیں۔
وزیراعظم نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد از جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ واقعے کے ذمہ داران کی جلد از جلد شناخت کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کے مزموم عزائم کو خاک میں ملا دیں گے، حکومت پاکستان ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہے۔
محسن نقوی کا ایف سی جوانوں کو خراج تحسین
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری کے ہیڈکوارٹرز پر فتنۃ الخوارج کے حملے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے فتنۃ الخوارج کا حملہ ناکام بنانے پر فیڈرل کانسٹیبلری کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیڈرل کانسٹیبلری کے جری جوانوں نے بہادری سے فتنۃ الخوارج کے حملے کو ناکام بنایا، حملہ آور دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر فیڈرل کانسٹیبلری کے جوانوں کی جرات کو سلام پیش کرتا ہوں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ فیڈرل کانسٹیبلری کے جوانوں نے بروقت کارروائی کرکے دہشت گردی کے منصوبے کو ناکام بنایا، جام شہادت نوش کرنے والے 3 ایف سی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید جوانوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ