بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا || پاکستان: انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق آج سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کیڈٹ کالج وانا، جنوبی وزیرستان میں ایک تعلیمی ادارے میں کلیرنس آپریشن کے دوران کم از کم 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
فوج کے میڈیا ونگ نے بتایا کہ دہشت گردوں نے ابتدائی کوشش میں حفاظتی سیکیورٹی کو توڑنے کی، تاہم یہ کوشش سیکیورٹی فورسز کے چوکنا ہونے اور پختہ کارروائی کی بدولت ناکام بنا دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تاہم دہشت گردوں نے دھماکہ خیز گاڑی مرکزی دروازے سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں مرکزی دروازہ گر گیا اور قریبی انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچا، جس کے بعد دہشتگرد تعلیمی ادارے میں داخل ہونے میں کامیاب ہو گئے اور کالج کے انتظامی بلاک میں محصور کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے اپنی غیر متزلزل بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ آوروں کو ہلاک کردیا جن کا تعلق بھارتی پراکسی ’فتنۃ الخوارج‘ سے تعلق تھا۔
فتنۃ الخوارج کی اصطلاح ریاست کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دہشت گردوں کے لیے استعمال کرتی ہے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ کالج کے اندر دہشت گرد اپنے ہینڈلرز سے افغانستان میں رابطے میں تھے اور ہدایات حاصل کر رہے تھے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاکستان دہشت گردوں اور ان کی قیادت کے خلاف کارروائی کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے، جو افغانستان میں موجود ہیں۔
پاک فوج کے ترجمان ادارے نے کہا کہ یہ خوارج، جو بھارتی پراکسی ’فتنۃ الخوارج‘ سے تعلق رکھتے ہیں، ایک بار پھر 2014 میں آرمی پبلک اسکول پشاور میں کیے گئے دہشت گردانہ حملے کو دہرانے کی کوشش کر رہے تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ تازہ حملہ قبائلی علاقوں کے نوجوانوں میں خوف پیدا کرنے کے لیے کیا گیا، جو اپنی دہلیز پر معیاری تعلیم حاصل کر کے نہ صرف اپنے اور اپنے خاندان کے لیے بلکہ اپنی کمیونٹی کے لیے بھی بہتر مستقبل حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
خیال رہے کہ ملک میں گزشتہ سال کے دوران خاص طور پر خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا، جب ٹی ٹی پی نے نومبر 2022 میں حکومت کے ساتھ جنگ بندی ختم کی اور سکیورٹی فورسز، پولیس، اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر حملے کا وعدہ کیا۔
ادھر پاکستان مخالف نیوز ویب سائٹ بلوچستان پوسٹ کی ترجمانی کرتا ہے نے ایک رپورٹ میں لکھا:
وانا میں کیڈٹ کالج کے قریب خودکش دھماکہ، ہلاکتیں۔ جیشُ الہند نے ذمہ داری قبول کرلی
جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا کیڈٹ کالج وانا کے مرکزی گیٹ کے قریب خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اُڑا لیا، جس کے نتیجے میں پاکستانی فورسز کے متعدد اہلکار ہلاک و زخمی ہونے کے اطلاعات ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق دھماکے کے بعد علاقے میں شدید فائرنگ کی آوازیں سنی جارہی ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور دھماکے کے بعد کالج کی حدود میں داخل ہونے میں کامیاب ہوئے، جبکہ پاکستانی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔
دھماکے میں فورسز کے اہلکاروں کے زخمی اور ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں، تاہم حتمی اعداد و شمار تاحال سامنے نہیں آئے۔
دوسری جانب ماضی میں تحریک طالبان پاکستان سے وابستہ رہنے والے گروہ سے منسلک ایک نئے تنظیمی نام جیشُ الہند نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔
تنظیم کے مطابق خودکش حملہ آور کی شناخت سیفُ العمر آفریدی کے نام سے کی گئی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ