14 نومبر 2025 - 11:19
مآخذ: ابنا
پاکستان اور تاجکستان کا دفاعی و انسدادِ دہشت گردی تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق

پاکستان اور تاجکستان نے باہمی دفاعی تعلقات کو وسعت دینے اور انسدادِ دہشت گردی کے میدان میں مشترکہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

پاکستان اور تاجکستان کا دفاعی و انسدادِ دہشت گردی تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان اور تاجکستان نے باہمی دفاعی تعلقات کو وسعت دینے اور انسدادِ دہشت گردی کے میدان میں مشترکہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے تاجکستان کے وزیر دفاع جنرل صابرزادہ امامعلی عبدالرحیم کے پاکستان کے سرکاری دورے کے دوران سامنے آیا۔

جمعہ کو اسلام آباد پہنچنے والے تاجک وزیر دفاع نے پاکستان کی اعلیٰ عسکری قیادت اور حکومتی شخصیات سے اہم ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، اور وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق جنرل امامعلی عبدالرحیم کی آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات میں علاقائی سلامتی، دفاعی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ دونوں فریقین نے موجودہ فوجی تعاون کو مزید بڑھانے، خاص طور پر تربیت، علاقائی سلامتی، دفاعی روابط اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کارروائیوں کے سلسلے میں تعاون مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔

پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے اپنے تاجک ہم منصب کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ پاکستان تمام مسائل کے پرامن حل پر یقین رکھتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے تاجکستان کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وسطی ایشیائی ممالک خصوصاً تاجکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کو نہایت اہمیت دیتا ہے۔

خواجہ آصف نے دوشنبے اور اسلام آباد کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن، ترقی اور انسدادِ دہشت گردی کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha