پاکستانی حکومت کی جانب سے مجوزہ 27ویں ترمیم کے خلاف اپوزیشن اتحاد کا ملک گیر احتجاجی تحریک کا اعلان
اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، قومی اسمبلی و سینیٹ میں نامزد اپوزیشن لیڈر و تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور وائس چیئرمین علامہ ناصر عباس نے ملک گیر احتجاجی تحریک کا اعلان کر دیا۔
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی اور مجلس وحدت المسلمین کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجا ناصر عباس نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ احتجاجی تحریک آج سے شروع ہوگی۔
راجا علامہ عباس نے مجوزہ تبدیلیوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو مزید طاقت ’بااختیاروں کے ہاتھوں‘ دے دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس گھڑی میں پاکستان کے عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ اٹھ کھڑے ہوں اور اس خطرناک آئینی ترمیم کے خلاف آواز بلند کریں۔
اس موقع پر اپوزیشن کے نامزد رہنما اچکزئی نے کہا کہ اتحاد احتجاجی تحریک کے ذریعے یہ دکھائے گا کہ پاکستان کے عوام کی مرضی ہی آخری فیصلہ ہوگی۔
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ’میں کم از کم پانچ مختلف مواقع پر حلف اٹھا چکا ہوں کہ میں آئین کا تحفظ کروں گا، ہماری پارلیمنٹ خود آئین پر حملہ کر رہی ہے‘
انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ پارلیمنٹ عوام کی نمائندہ ہے، اس لیے اپوزیشن اتحاد براہِ راست عوام سے رجوع کر رہا ہے، جس طرح وہ پارلیمنٹ پر حملہ کر رہے ہیں اور جس انداز سے وہ آئین اور پاکستان کی بنیادوں کو ہلا رہے ہیں، ہمارے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں بچا۔
آپ کا تبصرہ