4 اکتوبر 2025 - 09:52
مآخذ: ابنا
سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا نے الصمود فلوٹیلا پر اسرائیل حملے کی شدید مذمت کی

سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا  کے قومی جنرل سیکریٹری محمد الیاس تھمبے نے ایک بیان میں اسرائیل کی جانب سے "الصمود فلوٹیلا پر حملے اور اس کی بین الاقوامی پانیوں میں جارحانہ روکے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا  کے قومی جنرل سیکریٹری محمد الیاس تھمبے نے ایک بیان میں اسرائیل کی جانب سے "الصمود فلوٹیلا پر حملے اور اس کی بین الاقوامی پانیوں میں جارحانہ روکے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ 1 اکتوبر 2025 کو اسرائیلی نیوی نے تقریباً 50 کشتیوں پر مشتمل ایک بین الاقوامی امدادی قافلے کو بین الاقوامی سمندری حدود میں روک کر انسانی حقوق، عالمی قوانین اور انسانیت کی کھلی خلاف ورزی کی۔ اس قافلے میں 500 سے زائد امن کارکنان سوار تھے، اور اس میں 250 ٹن سے زائد انسانی امداد، بشمول طبی سامان اور خوراک، غزہ کے محصور عوام کے لیے روانہ کی گئی تھی۔

محمد الیاس تھمبے نے کہا کہ:"اسرائیل نے ایک بار پھر انسانی ہمدردی کی کوششوں کو نشانہ بنا کر اپنی جارحیت اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کو واضح کر دیا ہے۔ یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں، جون 2025 میں بھی 'مادلین نامی امدادی کشتی کو اسی طرح روکا گیا تھا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ غزہ کا محاصرہ بین الاقوامی سطح پر اجتماعی سزا کے زمرے میں آتا ہے، جو چوتھے جنیوا کنونشن کے مطابق ممنوع ہے۔ بین الاقوامی پانیوں میں شہری جہازوں کو روکنا اسرائیل کی قانونی حدود سے تجاوز اور عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔

ایس ڈی پی آئی نے تمام گرفتار شدہ کارکنان کی فوری رہائی، ضبط شدہ امداد کی محفوظ ترسیل اور غزہ کے خلاف ظالمانہ محاصرے کے مکمل خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔

پارٹی نے حکومتِ ہند سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ بھارت اپنی تاریخی فلسطین نواز پالیسی کو برقرار رکھتے ہوئے اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز بلند کرے، اس بین الاقوامی قانون شکنی کی مذمت کرے، اور فلسطینی عوام کے لیے عملی و انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کرے۔

بھارت، جو ہمیشہ فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت کی حمایت کرتا آیا ہے، اس وقت خاموشی اختیار نہیں کر سکتا۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومتِ ہند اسرائیل کی اس جارحیت کی کھل کر مخالفت کرے اور عالمی قوانین کا دفاع کرے۔"

ایس ڈی پی آئی نے عالمی برادری، انسانی حقوق کے اداروں اور تمام ضمیر رکھنے والے افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور غزہ کے مظلوم عوام کی امداد میں کردار ادا کریں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha