اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، عراقی فضائیہ کے کمانڈر کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطح کے دفاعی وفد نے اسلام آباد کے ائیر ہیڈکوارٹرز میں پاکستان ائیر فورس کے چیف آف دی ائیر اسٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں خاص طور پر مشترکہ تربیت، صلاحیت سازی اور فضائی صنعت کی ترقی پر زور دیا گیا۔
ملاقات کے دوران، چیف آف دی ائیر اسٹاف نے پاکستان اور عراق کے درمیان گہری مذہبی اور تاریخی روابط کو اجاگر کیا اور انہیں دونوں ممالک کی فضائی افواج کے درمیان مضبوط تعلقات کی بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے تربیت کے شعبے میں عراقی فضائیہ کی مدد جاری رکھنے کے پاکستان ائیر فورس کے عزم کی تصدیق کی۔
ائیر چیف نے یقین دلایا کہ پاکستان ائیر فورس عراقی فضائیہ کی صلاحیت سازی کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گی۔ ملاقات میں مشترکہ مشقوں اور تربیتی پروگراموں کے انعقاد پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ دونوں فضائی افواج کے درمیان تعاون اور آپریشنل ہم آہنگی کو فروغ دیا جاسکے۔
عراقی فضائیہ کے کمانڈر نے پاکستان ائیر فورس کی بصیرت افروز قیادت کو سراہا اور اسے خطے کی جدید، پیشہ ور اور تکنیکی طور پر ترقی یافتہ فضائیہ قرار دیا۔ عراقی کمانڈر نے بتایا کہ ان کی فضائیہ اپنے پورے تربیتی نظام کو بنیاد سے لے کر اعلیٰ عملی اور حربی سطح تک دوبارہ منظم کرنے کی خواہش مند ہے۔ پاکستان ائیر فورس کی عالمی معیار کی تربیتی صلاحیتوں کو تسلیم کرتے ہوئے انہوں نے عراقی فضائیہ کے لیے جدید تربیتی نظام کی تشکیل میں تعاون کی درخواست کی۔
عراقی کمانڈر نے یہ بھی کہا کہ ان کی فضائیہ پاکستانی پائلٹس کی ایکسچینج پوسٹنگ سےبھی مستفید ہوناچاہتی ہے تاکہ ان کے تجربہ کار اور عملی طور پر ماہر پائلٹس سے براہ راست سیکھا جاسکے۔
عراقی فضائیہ کےکمانڈر نے نیشنل آئی ایس آر اور انٹیگریٹڈ ائیر آپریشنز سینٹر اور پاک فضائیہ سائبر کمانڈ کا بھی دورہ کیا۔
آپ کا تبصرہ