اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، بیروت سے موصولہ اطلاعات کے مطابق لبنانی صدر جوزف عون نے امریکی سینٹکام کے کمانڈر ایڈمرل کوپر سے ملاقات کے دوران کہا کہ اسرائیلی جارحیت لبنانی فوج کی سرحدی تعیناتی میں بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے واشنگٹن سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالے تاکہ صہیونی فوجی لبنانی سرزمین سے نکل جائیں۔
صدر لبنان نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ نومبر 2024 کے فائر بندی معاہدے پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے دشمنانہ اقدامات کی نگرانی کرنے والی کمیٹی کو فوری طور پر فعال کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ امریکہ کی جانب سے لبنانی فوج کی مسلسل حمایت ناگزیر ہے تاکہ یہ فوج اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دے سکے۔
صدر کے دفتر کے مطابق امریکی کمانڈر کوپر نے بھی اس ملاقات میں لبنانی فوج کے کردار کو خطے میں امن و استحکام کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے اس کی حمایت جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے اکتوبر 2023 میں لبنان پر حملے شروع کیے تھے جو ستمبر 2024 میں ایک بڑی جنگ کی صورت اختیار کر گئے۔ اگرچہ نومبر 2024 میں جنگ بندی پر اتفاق ہوا، لیکن اسرائیل اب بھی اس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پانچ پہاڑی علاقوں پر قابض ہے۔
آپ کا تبصرہ