اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، پنجاب میں 3 دریاؤں میں سیلاب کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 33 ہو گئی، 20 لاکھ سے زائد افراد بے گھر اور 2200 دیہات سیلاب سے متاثر ہوئے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پرونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھاکہ پنجاب کو تاریخ کے سب سے بڑے سیلاب کا سامنا ہے، چناب میں ہیڈ تریموں کےمقام پر ایک گھنٹے میں ایک لاکھ کیوسک کا اضافہ ہوا، یکم ستمبر کو 7 لاکھ کیوسک پانی ہیڈ تریموں پر پہنچے گا۔
ان کا کہنا تھاکہ 2 ستمبر کو دریائے راوی کا پانی چناب میں ملے گا، اس پانی سے کبیر والا اور خانیوال کے دیہات متاثر ہوں گے ، یہ پانی ہیڈ محمد والا اور ملتان کو ٹچ کرے گا، ہیڈ محمد والا اور شیرشاہ برج پر مشکل آسکتی ہے، 6 ستمبر کو پانی سندھ میں داخل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اب تک 200 دیہات اور20 لاکھ کی آبادی متاثر ہوچکی ہے جبکہ 33 افراد جاں بحق بھی ہوئے، ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں ڈوب گئیں، متاثرہ علاقوں سے محفوظ مقامات پر ساڑھے 7 لاکھ افراد اور 5 لاکھ مویشیوں کا انخلا کیا گیا، حکومت کی ساری توجہ انسانی جانوں کو محفوظ کرنےمیں ہے۔
عرفان علی کاٹھیا نے کہاکہ بارش نے مشکلات بڑھا دی ہیں، سیالکوٹ ، نارووال اور گجرات میں شدید بارش ہوئی ، بارش کایہ اسپیل 2 ستمبر تک رہےگا، تازہ ترین بارش نے ناروال، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں حالات کو مزید خراب کیا، بارش کا پانی نکالنے کا کام سست ہو گیا ہے اور پہلے سے کھڑے پانی میں اضافہ ہو گیا ہے، بارش کے باعث پانی کی نکاسی میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔
آپ کا تبصرہ