12 مارچ 2016 - 19:53
ایڈورڈ اسنوڈن: میں امریکا واپس لوٹنا چاہتا ہوں

امریکا کی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے سابق کارکن ایڈورڈ اسنوڈن نے کہا ہے کہ وہ امریکا واپس لوٹنا چاہتے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق روس کے سرکاری ٹیلی ویژن چینل نے خبر دی ہے کہ ایڈورڈ اسنوڈن نے، جو اس وقت روس میں عبوری طورپر پناہ گزیں ہیں، کہا ہے کہ وہ روس میں مستقل رہائش کے لئے نہیں آئے ہیں بلکہ واپس امریکا لوٹنا چاہتے ہیں - ایڈورڈ اسنوڈن نے مزید تفصیلات بتائے بغیر کہا کہ وہ امریکا میں اپنی سابقہ سرگرمیاں ماضی کی ہی طرح اور پوری سنجیدگی کے ساتھ جاری رکھیں گے- انہوں نے پہلے بھی اپنے حامیوں سے کہا تھا کہ وہ خود کو امریکی حکومت کے حوالے کرنے کے لئے تیار ہیں بشرطیکہ ان پر منصفانہ طریقے سے مقدمہ چلائے جانے کی ضمانت دی جائے-

ایڈورڈ اسنوڈن نے جنھوں نے دو ہزار تیرہ میں امریکا کی نیشنل سیکورٹی ایجنسی کی جاسوسی کی سرگرمیوں کا پردہ چاک کیا تھا، مقدمے سے بچنے کے لئے روس میں پناہ لے لی تھی- کچھ عرصہ قبل امریکی سینیٹ کے سابق چیئرمین جیمز وولسی نے اسنوڈن کو امریکا کے حوالے کئے جانے، ان پر مقدمہ چلانے اور پھر انہیں پھانسی دئے جانے مطالبہ کیا تھا-

امریکا کے آئندہ صدارتی انتخابات کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اسنوڈن کو امریکا کے حوالے کئے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ جاسوس ہے اور اس کو امریکا کے حوالے کیا جانا چاہئے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169