23 اکتوبر 2015 - 16:43
امام حسینؑ نے قیامت تک ظلم کی جڑیں کاٹ دیں، حامد سعید کاظمی

سینئر رہنما نظام مصطفی پارٹی کا کہنا تھا کہ ہمیں اسوہء شبیری پر عمل کرتے ہوئے استعماری سازشوں کو ناکام بنانا ہو گا، اسلام کے نام پر فساد کرنیوالوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، اسلام تشدد کا نہیں، امن کا درس دیتا ہے، اسلام کا لبادہ اوڑھ کر بے گناہوں کو مارنے والے جہادی نہیں فسادی ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق نظام مصطفی پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر مذہبی امور صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی نے لاہور میں "حسینؑ سب کا" کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ کربلا حق و صداقت کیلئے جان دینے کا سبق سکھاتا ہے، سامراجی طاقتوں کی مزاحمت کیلئے اسوہء شبیری کو اپنانے کی ضرورت ہے، حسینیت کا پرچم ہمیشہ سربلند رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حق و صداقت کے راستے پر چلنے والے واقعہ کربلا سے جرأتوں کا سبق حاصل کرتے رہیں گے، امام حسینؑ نے قیامت تک ظلم کی جڑیں کاٹ دی ہیں، طالبان دور حاضر کے خوارج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا راہ حق میں ثابت قدمی کا درس دیتا ہے، واقعہ کربلا ایک وقتی حادثہ نہیں بلکہ رہتی دنیا تک آنیوالے تمام انسانوں کیلئے حق و انصاف کی راہ میں مر مٹنے کا ایک لاثانی پیغام ہے۔ حامد سعید کاظمی کا کہنا تھا کہ ہمیں اسوہء شبیری پر عمل کرتے ہوئے استعماری سازشوں کو ناکام بنانا ہو گا، اسلام کے نام پر فساد کرنیوالوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، اسلام تشدد کا نہیں، امن کا درس دیتا ہے، اسلام کا لبادہ اوڑھ کر بے گناہوں کو مارنے والے جہادی نہیں فسادی ہیں۔

.......

/169