اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ بلغاریہ کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے سربراہ میکسم منچف نے، جو ایران کے دورے پرہیں، جمعرات کے روز تہران میں ایرانی وزارت خارجہ کی ترجمان مرضیہ افخم سے ملاقات کی- اس موقع پر مرضیہ افخم نے تاکید کے ساتھ کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دہشت گردی اور انتہا پسندی کے مقابلے نیز مسلط شدہ بحرانوں کے خاتمے اور امن کی بحالی کو بہت اہم اور ضروری سمجھتا ہے- مرضیہ افخم نے دونوں ملکوں میں پائی جانے والی توانائیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ایران اور بلغاریہ کے درمیان میڈیا تعاون اور اطلاعات کے تبادلے میں فروغ کا خیر مقدم کیا- انہوں نے دونوں ملکوں کے ذرائع ابلاغ کے درمیان تعاون اور رابطے کو مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ میں مددگار اور تعلقات کے استحکام کے لئے مصدقہ خبروں اور رپورٹوں کے تبادلے کو اہمیت کا حامل قرار دیا۔ ایرانی وزارت حارجہ کی ترجمان نے مشرق وسطی کے مختلف بحرانوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے علاقے کے ایک اہم، مؤثر اور مستحکم ملک کی حیثیت سے ایران کی پالیسیوں کو تعمیری تعاون پر مبنی امن و دوستی پر استوار قرار دیا- انہوں نے مزید کہا کہ ایران دہشت گردی اور انتہا پسندی کے مقابلے، مسلط شدہ بحرانوں کے خاتمے اور امن و سلامتی کی بحالی کو بہت اہم اور ضروری سمجھتا ہے نیز اس سلسلے میں میڈیا کا کردار اور اجتماعی تعاون بہت اہم اور مؤثر ہے-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲