اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا | پہلگام کے بیسرن میں 22 اپریل کو ہولناک قتل عام کے بعد سیکورٹی ایجنسیوں نے وادی میں دہشت گردی کے ایکو سسٹم کو ختم کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا ہے۔ اس قتل عام میں 25 سیاح اور ایک مقامی گھوڑا بان ہلاک اور 16 دیگر زخمی ہو گئے۔ تقریباً 2000 لوگوں کو، جن کے بارے میں پولیس کا الزام ہے کہ دہشت گرد گروپوں کے ساتھی یا حامی ہیں، خاص طور پر جنوبی کشمیر میں، ایک ’بڑے آپریشن‘ کے تحت شناخت شدہ مقامی عسکریت پسندوں کے خاندانی مکانات کو مسمار کرنے کے ساتھ ساتھ حراست میں لیا گیا ہے۔
شناخت شدہ مقامی عسکریت پسندوں کے مکانات کو مسمار کرنے کا عمل قتل عام کے دو دن بعد 24 اپریل کی رات کو جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ کے گورے گاؤں سے شروع ہوا۔ سب سے پہلے لشکر طیبہ کے عادل احمد ٹھوکر کے خاندانی گھر کو مسمار کیا گیا جو پولیس کے مطابق پہلگام قتل عام میں ملوث تھا۔ ایک اور مشتبہ اور لشکر طیبہ کے کارندے آصف شیخ کے خاندانی گھر کو پڑوسی ضلع پلوامہ کے ترال میں دھماکے سے اڑا دیا گیا۔
یہ مضمون لکھنے تک جنوبی کشمیر کے اننت ناگ، پلوامہ، شوپیاں اور کولگام اضلاع میں ایسے دس مکانات دھماکوں سے اڑا ئے جا چکے تھے۔ پی او کے کی سرحد سے متصل کپواڑہ کے کالرس میں فاروق تیوڑہ کے خاندان کے گھر کو بھی مسمار کر دیا گیا۔ وہ 1990 کی دہائی کے اوائل میں بھاگ کر پاکستان چلا گیا اور کبھی واپس نہیں آیا۔ تیوڑہ کے خاندان کا دعویٰ ہے کہ اسے غلط طریقے سے نشانہ بنایا گیا حالانکہ اب اس کا فاروق سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ان کے ایک رشتہ دار نے بتایا، ’’فاروق کو گھر چھوڑے ہوئے 35 سال ہو چکے ہیں۔ ہمارے لیے وہ مر چکے ہیں۔ یہاں تک کہ جس گھر کو دھماکے سے اڑا دیا گیا تھا وہ اب ان کا نہیں رہا۔‘‘
نقصان صرف انہی گھروں تک محدود نہیں جو گرائے گئے ، کئی واقعات میں، دھماکے سے پڑوسی گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔ پلوامہ کے مران گاؤں کے ایک رہائشی نے کہا، ’’دھماکے میں ہمارے گھر کو بھی نقصان پہنچا۔ دراڑیں نمودار ہوئیں اور کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔‘‘ 26 اپریل کی رات دیر گئے اس گاؤں میں سرگرم دہشت گرد احسن الحق شیخ کا گھر تباہ کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق شیخ 2018 میں پاکستان گیا تھا اور حال ہی میں وادی میں گھس آیا تھا۔ گاؤں کے ایک اور رہائشی کا کہنا تھا کہ ’’سیاحوں پر حملے کے مجرموں کو کسی بھی قیمت پر پکڑ کر انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے لیکن جس گھر میں خواتین اور بچوں سمیت پورا خاندان رہتا ہے، اسے اس طرح کیسے تباہ کیا جا سکتا ہے؟ اگر خاندان کے کسی فرد نے تشدد کا راستہ اختیار کیا ہے، تو اسے قانون کے مطابق سزا ملنی چاہئے لیکن اس کے خاندان کو سزا دینا مناسب نہیں۔‘‘
کئی سرکردہ رہنماؤں نے دہشت گردوں کے خاندانی گھروں کی تباہی پر تشویش کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ’’کسی بھی غلط اقدام کے خلاف خبردار کیا ہے جو لوگوں کو الگ کر دے"۔ انہوں نے کہا کہ مجرموں کو سزا دیں، ان پر رحم نہ کریں لیکن بے گناہوں کا نقصان نہیں ہونا چاہئے۔
سابق وزیر اعلیٰ اور پی ڈی پی (پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی) کی رہنما محبوبہ مفتی نے دہشت گردوں اور عام شہریوں کے درمیان ’احتیاط سے فرق‘ کرنے پر زور دیا۔ ایکس پر ان کی پوسٹ میں لکھا گیا، ’’ حکومت ہند کو احتیاط سے کام لینا چاہیے اور دہشت گردوں اور عام شہریوں میں فرق کرنا چاہیے… یہ سب کہیں معصوم لوگوں کو، خاص طور پر دہشت گردی کی مخالفت کرنے والوں کو یک و تنہانہ کر دے۔ دہشت گردوں کے ساتھ ہزاروں لوگوں کے گرفتار ہونے اور عام کشمیریوں کے مکانات مسمار کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ حکومت سے اپیل ہے کہ وہ افسران کو ہدایات دیں کہ وہ خیال رکھیں کہ بے قصور لوگوں کو خمیازہ نہ اٹھانا پڑے، کیونکہ علیحدگی دہشت گردوں کے تقسیم اور خوف کے مقاصد کو ہی پورا کرتی ہے۔‘‘
علیحدگی پسند رہنما اور مسلم عالم میر واعظ عمر فاروق نے بھی حکومت پر زور دیا ہے کہ ’’بے گناہ کشمیری خاندانوں کو سزا نہ دی جائے‘‘۔ میر واعظ نے ایکس پر لکھا، ’’ کشمیری اجتماعی طور پر پہلگام میں گھناؤنے جرم کی مذمت کر رہے ہیں، اس کے قصورواروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ضروری ہے لیکن سوشل میڈیا پر اندھا دھند گرفتاریوں اور مکانات اور محلوں کو مسمار کرنے کی ویڈیوز پریشان کن ہیں۔ میں حکام سے اپیل کرتا ہوں کہ معصوم کشمیری خاندانوں سزا نہ دی جائے۔‘‘
لوگ انہدامی کارروائی کی قانونی حیثیت پر بھی سوال اٹھا رہے ہیں۔ معروف قانون دان سید ریاض خاور کا کہنا تھا کہ ’’قانون کے تحت ریاست کسی ملزم یا مجرم کے گھر کو گرا نہیں سکتی‘‘۔ سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدالت عظمیٰ نے 'بلڈوزر جسٹس' پر پابندی لگا دی ہے۔ خاور نے فیس بک پر لکھا، ’’ریاست کسی ملزم کی جائیداد غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کے تحت ضبط کر سکتی ہے، اگر یہ اس کے نام پر ہے لیکن قانونی کارروائی کے بعد۔ پریاگ راج میں انہدامی کارروائی پر سپریم کورٹ نے متنبہ کیا تھا کہ متاثرہ کو معاوضہ اس طرح کے ایکٹ کے ذمہ دار افسر کی تنخواہ سے وصول کیا جانا چاہیے اور ریاست کو بھی کہا کہ اس طرح کے ایکٹ میں متاثرہ کو مزید معاوضہ ادا کرنا چاہیے۔ لہذا اس طرح کی انہدامی کارروائی سپریم کورٹ کی توہین ہے۔‘‘
خاور نے کہا، ’’پہلگام میں جو کچھ ہوا وہ واقعی دل دہلا دینے والا اور انتہائی تکلیف دہ ہے۔ کشمیریوں نے ان بے گناہ لوگوں کی موت پر غم کا اظہار کیا ہے۔ وہ سڑکوں پر نکل آئے اور اس وحشیانہ فعل کے ذمہ دار دہشت گردوں کے خلاف احتجاج کیا۔ مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے، لیکن کشمیریوں کو انصاف بھی ملنا چاہیے۔ کشمیریوں کو اجتماعی طور پر سزا نہیں دی جانی چاہئے۔ مرکزی حکومت کو یہ یقینی بنانا ہوگا کہ وادی کے کسی بھی شہری کو ملک میں کہیں بھی نقصان نہ پہنچے لیکن بدقسمتی سے حکومت کشمیر سے باہر ہمارے طلباء اور تاجروں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔‘‘
ملک کے مختلف حصوں، خاص طور پر اتراکھنڈ، اتر پردیش، پنجاب اور مہاراشٹر سے آنے والی خبریں اور ویڈیوز سے پتہ چلتا ہے کہ کس طرح کشمیری طلباء، تاجروں اور پیشہ ور افراد کو ہراساں اور ڈرایا جا رہا ہے۔ اس پر جسمانی حملہ بھی کیا جا رہا ہے۔
سری نگر میں مقیم جموں و کشمیر اسٹوڈنٹس یونین کے قومی کنوینر ناصر کھویہامی نے بتایا، ’’اس صورتحال کو دائیں بازو کے گروپوں اور کچھ قومی نیوز چینلز نے ہوا دی، جو پہلگام سانحہ کے بعد سے کشمیریوں اور بالعموم مسلمانوں کے خلاف مسلسل نفرت پھیلا رہے ہیں۔ کشمیری طلباء پر حملہ کیا گیا، جس سے خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہوا۔ حملے کے بعد ایک ہفتے کے اندر اندر پانچ سو سے زیادہ طلباء گھر واپس لوٹ گئے۔‘‘
مسوری، اتراکھنڈ میں کشمیری شال بیچنے والوں پر حملوں نے کشمیری تاجروں میں خوف پیدا کر دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق 16 دیگر کشمیری تاجروں کو ڈرایا دھمکایا گیا اور ان کے کرائے کے مکانوں سے زبردستی بے دخل کر دیا گیا۔ شال بیچنے والوں پر حملے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد وادی میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ پیپلز کانفرنس کے رہنما اور ایم ایل اے سجاد لون نے ایکس پر لکھا، ’’معاملہ حد سے پار جا رہا ہے۔ کشمیریوں پر حملوں کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر ہیں۔ میں حیران ہوں کہ ان ریاستوں کی پولیس کیا کر رہی ہے۔ بزدل غنڈے کشمیری شال بیچنے والوں کو تھپڑ مارتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔ یہ واقعہ مسوری میں ہوا ہے۔ امت شاہ سے درخواست ہے کہ براہ کرم مداخلت کریں۔‘‘
کھویہامی کی قیادت میں طلباء کے ایک وفد نے سری نگر کے دورے کے دوران لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی سے ملاقات کی۔ کھویہامی نے کہا، ’’ہم نے راہل گاندھی کو ملک کے مختلف حصوں میں کشمیری طلباء کو ہراساں کرنے، ڈرانے دھمکانے اور دھمکی آمیز فون کالز کے بڑھتے ہوئے واقعات کے بارے میں بتایا، انہوں نے ہماری بات توجہ سے سنی اور ہمیں یقین دلایا کہ وہ یہ سب وزیر اعظم اور مرکزی وزیر داخلہ کے نوٹس میں لائیں گے۔‘‘
بے چینی کی ایک اور وجہ ایسی 60 خواتین کی حالیہ ملک بدری ہے، جن میں سے زیادہ تر کا تعلق پاکستان مقبوضہ کشمیر سے ہے اور ان کی شادی کشمیری مردوں سے ہوئی تھی۔ یہ لوگ 1990 کی دہائی کے اوائل میں ہتھیاروں کی تربیت کے لیے پاکستان یا مظفرآباد گئے اور وہیں آباد ہو گئے۔
اہلکاروں نے ان خواتین کو سری نگر، بارہمولہ، کپواڑہ، بڈگام اور شوپیاں اضلاع سے اٹھایا اور پاکستانی حکام کے حوالے کرنے کے ارادے سے انہیں بسوں میں پنجاب لے گئے۔ پی او کے کی خواتین کے علاوہ حکام نے 11 پاکستانی شہریوں کو بھی ڈی پورٹ کیا جو تقریباً 45 سال قبل درست ویزوں پر ہندوستان آئے تھے لیکن وہ مینڈھر اور پونچھ میں غیر قانونی طور پر آباد تھے۔
ممتاز سماجی کارکن رضا مظفر بھٹ نے کہا، ’’میرا خیال ہے کہ ان خواتین کے ساتھ ایک سنگین ناانصافی کی گئی ہے، جو اب کشمیر کے سماجی تانے بانے کا ایک اٹوٹ حصہ ہیں۔ وہ یہاں شادی کے ذریعے جڑی ہوئی ہیں اور ان کے بچے یہیں پروان چڑھے ہیں۔ وہ کئی دہائیوں سے اپنے شوہروں اور بچوں کے ساتھ سکون سے رہ رہی ہیں۔ انہیں ملک بدر نہیں کیا جانا چاہیے تھا ۔‘‘ انہوں نے کہا، ’’ان میں سے زیادہ تر خواتین کا تعلق پی او کے سے تھا، جو ہمارے آئین کے مطابق ہندوستانی علاقہ ہے۔ ہماری پارلیمنٹ نے ایک قرارداد منظور کی ہے جس میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ پی او کے ہندوستان کا حصہ ہے۔ اس کے علاوہ، جموں و کشمیر اسمبلی نے پاکستان مقبوضہ کشمیر کے لیے نشستیں مختص کی ہیں۔ زیادہ تر خواتین 2010 کی بحالی کی پالیسی کے تحت کشمیر میں داخل ہوئی تھیں۔ اس لیے انہیں پاکستانی شہری قرار نہیں دیا جا سکتا اور انہیں ملک بدر نہیں کیا جانا چاہئے۔‘‘
سیاسی تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ پہلگام قتل عام کے بعد نافذ کیے گئے ’جامع انتظامات‘ مقامی آبادی کو الگ کر سکتے ہیں، جس سے جموں و کشمیر کے لوگوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کی کوششوں کو ممکنہ طور پر نقصان پہنچ سکتا ہے۔ پروفیسر، ممتاز سیاسی مبصر اور مصنف نور احمد بابا، جنہوں نے کشمیر یونیورسٹی میں شعبہ سیاسیات کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دیں، نے بتایا، ’’بھارتی حکومت کے لیے اصل چیلنج جموں و کشمیر کے لوگوں کو جذباتی طور پر قومی دھارے میں شامل کرنا ہے، یہ انضمام ہر سطح پر ہونا چاہیے۔ جموں و کشمیر کے لوگوں نے (خاص طور پر وادی میں) پہلگام میں اس دہشت گردانہ حملے کے متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ لوگ سڑکوں پر نکل آئے ہیں ۔ حکومت ہند کو عوامی جذبات کے پیش نظر کسی بھی ایسی کارروائی سے گریز کرنا چاہئے جس سے اس عمل میں لوگوں کے الگ تھلگ ہو جانے کا خطرہ ہو۔‘‘
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110

22 اپریل کو پہلگام کے بیسرن میں 25 سیاحوں کے قتل عام کے بعد وادی میں دہشت گردی کے ایکو سسٹم کے خاتمے کے لیے بڑے پیمانے پر آپریشن اور عسکریت پسندوں کے مکانات کی مسماری شروع ہوئی۔
آپ کا تبصرہ