اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، اہل
بیت (علیہم السلام) کی شان میں شاعری کی دوسری بین الاقوامی محفل کل 27 جولائی
2024ع کی شام کو ابنا کے زیر اہتمام، "اربعین" کے عنوان سے، اس خبر ایجنسی
کے میٹنگ ہال میں منعقد ہوئی۔ استاد احمد حسین پور علوی اور پاکستان اور ہند کے
بعض شعراء نے اس محفل میں شرکت کی۔
شعر اہل بیت (علیہم السلام) کی دوسری بین الاقوامی محفل کے سیکریٹری کا فریضہ پاکستانی شاعر سید احمد حسینی (شہریار) نے ادا کیا اور سید حسنین محسن، سید اسد کاظمی، صائب جعفری، عباس ثاقب، سید ندیم نقوی، ابراہیم نوری، سید شفیع حیدر رضوی، زینب عسکری، الہام سادات حسینی، ممتاز عاطف، کاچو اظہر، عنایت شریفی، ذیشان حیدر جوادی، محسن رضا آہیر، علی رضا، امتیاز حسین پیتافی و احمد شہریار نے اردو، فارسی اور انگریزی میں اپنا اپنا کلام پیش کیا۔
اہل بیت(ع) کی شان میں شاعری کا معجزہ
اسلامی جمہوریہ ایران کے نامی گرامی مذہبی شاعر استاد احمد حسین پور علوی نے اس محفل میں اردو بولنے والوں کے اشتیاق کی طرف اشارہ کیا اور ہندوستانی اور پاکستانی شعراء سے مخاطب ہوکر کہا: آپ کے ممالک کے لوگ شاعری کے ساتھ زندہ ہیں اور شاعری کے ساتھ جیتے ہیں۔ پاکستان اور ہندوستان کے عوام کا ذوق و شوق اور اشعار سے ان کا لگن، خود شعراء کو پروان چڑھاتا ہے۔ آپ کے پاس دو زبانیں ہیں ایک زبان بولتی ہوئی زبان ہے اور دوسری زبان بدن کی زبان ہے۔ آپ کے ہاں کی بدن کی زبان ارتقائی مراحل طے کر چکی ہے اور یہ زبان ہمارے ہاں ناپید ہے اور آپ کے اعضاء و جوارح بھی بولتے ہیں۔
انھوں نے کہا: شاعر کو اپنی شاعری حفظ کرنا چاہئے، اور اپنا شعر پڑھنے کے لئے کاغذ اور موبائل فون کا سہارا نہیں لینا چاہئے۔ اگر شاعری انسان کے حافظے میں داخل ہو جائے، تو یہ اس کے دل و دماغ میں بھی داخل ہوگی۔ اہل بیت (علیہم السلام) کی شان میں شاعری، شعراء کے وجود میں نورانیت کا موجب بنتی ہے۔
انھوں نے مزید کہا: میں 50 سال کی عمر میں ہر شب مشکل شاعری کے 100 ابیات حفظ کر سکتا ہوں اور میری عمر میں اضافے کے ساتھ ساتھ میری قوت حافظہ میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، اور یہ اہل بیت (علیہم السلام) کی شان میں شاعری کا معجزہ ہے۔ شاعری کو حافظے کے سپرد کرنا چاہئے۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے اہل بیت (علیہم السلام) کی شان میں شاعری کی پہلی بین الاقوامی محفل 26 جون 2024ع کو، اہل بیت نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے زیر اہتمام "عید غدیر" کے عنوان سے، اس خبر ایجنسی کے میٹنگ ہال میں منعقد ہوئی تھی؛ اور ایران کی مذہبی شاعری کے موجد "اور بابائے شعر آئینی"، استاد محمد علی مجاہدی سمیت پانچ ممالک کے شعراء نے اس محفل میں شرکت کی تھی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
110