اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ کینیڈا میں مقیم شیعہ عالم دین کہ جو اربعین 1443ھ (2021) کی پیدل مارچ میں شرکت کی غرض سے عراق پہنچے ہیں انہوں نے کینیڈا میں اپنی دینی سرگرمیوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: کینیڈا کے شہر وینڈسر (Windsor) میں ہم ایک حوزہ علمیہ چلا رہے ہیں اور ہر سال ہم ایک قافلہ لے کر عراق آتے ہیں اور اربعین پیدل مارچ میں شرکت کرتے ہیں۔ اس سال میرا آٹھواں سال ہے کہ میں زیارت اربعین کے اس عظیم اجتماع میں شرکت کرنے آیا ہوں۔
حجۃ الاسلام و المسلمین عبد المنعم شرارۃ کہ جو دراصل لبنان کے رہنے والے ہیں، نے ابنا کے نامہ نگار کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے اپنے سفر کا مقصد بیان کیا اور کہا: تمام اہداف امام حسین علیہ السلام کی زیارت کے مقابلے میں ھیچ و پوچ ہیں۔ اربعین کے سفر کا سب سے بڑا مقصد امام حسین علیہ السلام کی زیارت ہے۔
انہوں نے زیارت اربعین کے انٹرنیشنل ہونے کے سلسلے میں کہا: یہ عظیم اجتماع، مختلف ممالک کے مسلمانوں کے درمیان روابط کے مضبوط ہونے کا باعث بن سکتا ہے۔
انہوں نے زیارت اربعین کے اجتماع میں شیعیان عالم کے وسیع پیمانے پر شرکت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: جب ہم نے زیارت اربعین کے اجتماع میں شرکت کے لیے لوگوں کو دعوت دینا شروع کیا تھا تو لوگوں کو اس بارے میں کچھ بھی پتا نہیں تھا، لیکن دو تین سال کے بعد ہم نے دیکھا کہ دنیا بھر سے شیعہ اربعین کے موقع پر خود کو عراق پہنچانے کی کوشش میں لگ گئے اور تمام خطرات اور مشکلات کے باوجود انہوں نے اس اجتماع میں شرکت کو ترک نہیں کیا اور مجھے امید ہے کہ آئندہ سال کورونا بیماری کے خاتمے کے ساتھ اربعین کا اجتماع پہلے سے کہیں زیادہ ہو گا۔
عبد المنعم شرارۃ نےمزید کہا: میں نے اس بار تقریبا 50 کینیڈین کے ساتھ اربعین کے اجتماع میں شرکت کی ہے اور ہمیں کوئی مشکل پیش نہیں آئی اور سب نے ہمارا زائرین اربعین ہونے کے عنوان سے بہت احترام کیا۔
انہوں نے اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی کے نامہ نگار کے ساتھ ہونے والی گفتگو کے آخر میں کہا: اربعین پیدل مارچ نے سب کو اکٹھا کر دیا ہے اور اس اجتماع میں کسی کے درمیان کوئی فرق نہیں ہے کوئی نہ قومیت کو دیکھتا ہے نہ رنگ و نسل کو دیکھتا ہے سب زائر امام حسین علیہ السلام ہیں اور سب موسم حج کی طرح یکساں ہیں۔
.............
242