اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/عید الضحیٰ کے مبارک موقع پر تمام عالمِ اسلام بالخصوص اہلیانِ کشمیر کی خدمت میں دل کی گہرائی سے تبریک وتہنیت پیش کرتا ہوں, اور بارگاہ الٰہی میں دست بدعا ہوں کہ یہ عید مسلمانوں کے لئے امن ، خوشحالی ، بھائی چارہ ، اتحاد واخوت کا پیغام ثابت ہو، یہ عید درحقیقت خلیل الرحمان حضرت ابراہیم کے بے پناہ خلوص اور معراجِ عشق کی یاد تازہ کرتی ہے جہاں آپؑ رضا ورغبت کے ساتھ اپنے لخت جگرکو خدا کے حکم کی تعمیل کی خاطر قربان کرنے کے لئے تیار ہوگئے، خدا کو آپ کا مقامصبر ورضا اس قدر پسند آیا کہ اس نے اس کی یاد کو حج کے اعمال کی صورت میں رہتی دنیا تک لئے محفوظ کردیا اور یہ بتا دیا کہ اگر کوئی عمل خلوصِ نیت پر مبنی ہو تو خدا اس کے اجر کو ہر گز ضائع نہیں کرتا بلکہ اپنی قدرت لایزال سے اس کو دوام عطا کرتا ہے، یہ عید تمام مسلمانان عالم کو ایثار وقربانی اورصبر ورضا کا پیغام دیتی ہے کہ وہ اپنی نفسانی خواہشات کو مرضی معبود پر قربان کردیں اور اپنی گفتار وعمل میں حکم خدا کو پیش نظر رکھیں ، یہ عید ایک ایسے وقت میں دستک دے رہی ہے جب ریاستی عوام بالخصوص کشمیر ی قوم کو نت نئی سازشوں کا سامنا ہے ، جن کے سدِ باب کے لئے باہمی اتحاد اور بھائی چارہ وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے ، عید کے اس مبارک موقع پر معاشرہ کے محروم طبقات ، تحریک آزادی کے شہداء اور جیلوں میں محبوس افراد کے گھرانوں کو ضرور یاد رکھیں ، یہ لوگ ہماری تحریک آزادی کے محسن ہیں ، ان کی قربانیاں ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں ، ان کی قربانیوں نے تحریک آزادی کے تئیں ہماری ذمہ داریوں میں مزید اضافہ کردیا ہے ۔ پاکستان کی نئی حکومت اور اس کے وزیر اعظم عمران خان صاحب کو ہدیہ تبریک وتہنیت پیش کرتے ہوئے ان کے حالیہ بیانات کا خیر مقدم کرتا ہوئے یہ اپیل کرتا ہوں کہ ہند وپاک دونوں حکومتیں کشمیر کے دیرینہ مسئلہ کو حل کرنے کے لئے سہ فریقی مذاکرات کا آغاز کریں تاکہ اس مسئلہ کو کشمیر ی عوام کی امنگوں اور خواہشات کے مطابق حل کیا جاسکے اور خطہ میں پائدار امن قائم ہوسکے ۔ پرودگار عالم آپ کے تمام نیک اعمال کو شرف قبولیت عطا فرمائے ، آمین
...............
242