اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ مرکزی جنرل سیکرٹری انصر مہدی نے لاہور میں امریکہ مردہ باد سیمینار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا امریکی صدر کی دھمکیوں کے بعد پاکستانی قوم کے بے مثال اتحاد نے ثابت کردیا ہے کہ عالمی استعمار و استکبار کی چالبازیوں سے آگاہ ہیں اور کسی بھی صورت استعمار دشمنی نہیں چھوڑیں گے ۔انصر مہدی کا کہنا تھا وقت کا تقاضہ ہے اسلام کے مقابل میں متحد استکبار کے جواب میں ہم فرقہ سے بالاتر ہوکر اسلام کے تحفظ کیلئے ایک دیوار بنیں اور متحد ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ نے ایک مرتبہ پھرمکاری سے کام لیا ہے۔ افغانستان میں دہشت گردوں کی موجودگی امریکہ کی ناکامی ہے امریکہ خطے کو عدم استحکام میں مبتلا دیکھنا چاہتا ہے تاکہ اس کی فوجی موجودگی کا بہانہ رہے۔امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری انصر مہدی نے کہا امریکی صدر کے منہ میں مودی سرکار کی زبان ہے امریکہ انڈیا کا گٹھ جوڑ پاکستان کے خلاف سازش اور عالم اسلام کے لئے لمحہ فکریہ ہے ۔پاکستان میں بسنے والے شیعہ اور سنی مسلمان متحد ہو کر امریکی غلامی سے نجات حاصل کر سکتے ہیں، پاکستانی حکمرانوں کو امریکہ کے مکروہ چہرہ سے آشنا ہو جانا چاہیے کہ امریکہ اسلام اور پاکستان کا کھلا دشمن ہے، اس سے کسی بھی خیر کی توقع نہیں کی جا سکتی۔ مرکزی صدر کا کہنا تھاکہ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے، اس کی خودمختاری و سلامتی پر ہرگز آنچ نہیں آنے دیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲