اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے قاہرہ میں عرب لیگ وزرائے خارجہ کے اختتامی بیان میں پیش کئے گئے تکراری دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تینوں ایرانی جزیروں اور عرب ملکوں کے داخلی معاملات میں ایران کی مداخلت کے دعوؤں کی کوئی حقیقت نہیں ہے اور ایران اس قسم کے دعوؤں کو سختی کے ساتھ مسترد کرتاہے۔
ترجمان وزارت خارجہ نے خلیج فارس میں تین ایرانی جزیروں کے بارے میں کھوکھلے دعووں کی تکرار کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تینوں جزیروں ابوموسی ، تنب بزرگ اور تنب کوچک پر ایران کی حاکمیت ایک ناقابل انکار اور ابدی حقیقت ہے اور اس سلسلے میں جھوٹے دعوے اور بیانات اس حقیقت پر ذرہ برابر بھی اثر انداز نہیں ہوسکتے۔
انہوں نے عرب ملکوں میں ایران کی مداخلت کے من گڑھت دعؤؤں کے بارے میں کہا کہ ایران نے کبھی کسی ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کی ہے اور اس قسم کے الزامات محض ان ملکوں میں پائی جانے والی مشکلات سے توجہ ہٹانے اور اس دلدل سے نکلنے کی بے سود کوشش ہے جو انہوں نے خود ہی تیار کیا ہے۔
عرب لیگ کے وزرائے خارجہ نے قاہرہ میں اپنے منگل کے اجلاس میں ایک بار پھر یہ بے بنیاد دعوی کیا کہ ایران عرب ملکوں کے داخلی معاملات میں مداخلت کررہا ہے۔ یہ دعوی ایک ایسے وقت کیا گیا ہے جب ایران نے ہمیشہ عرب اور علاقے کے ملکوں کے ساتھ تعمیری تعلقات کی برقراری پر زور دیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲