14 نومبر 2016 - 14:23
علامہ جعفری: دشمن ہمیں مسلکی بنیاد پر تقسیم کرکے ملکی سلامتی پر وار کرنیکی سازش میں مصروف ہے

اہم اجلاس سے خطاب میں ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں، سات فوجی جانوں کو سلام پیش کرتے ہیں، جنہوں نے وطن کے دفاع کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے اقتصادی سرگرمیوں کا آغاز ملکی تاریخ میں اہم سنگ میل ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق پاک چائنہ اکنامک کوریڈور منصوبے سے تجارتی سرگرمیوں کا آغاز ملکی تاریخ میں اہم سنگ ہے، ان سرگرمیوں کے آغاز سے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں مل گئے ہیں، اقتصادی راہداری کے اس عظیم منصوبے سے بلوچستان اور گلگت بلتستان کی محرومیوں کو ختم کیا جاسکتا ہے، وفاقی حکومت گلگت بلتستان اور بلوچستان کو دیگر صوبوں کی طرح اہمیت دے، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے لاہور میں ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی و صوبائی اراکین کے اہم اجلاس سے خطاب میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی اور انتہا پسندی کے پیچھے بھارت اور امریکہ ملوث ہیں، پاکستان کو امریکہ کے چنگل سے نکلنا ہوگا، امریکہ درپردہ بھارت کو پاکستان پر مسلط کرنے کی کوشش میں ہے، لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، ہم بھمبر سیکٹر میں بزدل دشمن بھارت کی جانب سے اشتعال انگیزی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور سات شہید جوانوں کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں کہ جو وطن کی سرحوں پر ملک کا دفاع کرتے ہوئے قربان ہوگئے، یہ شہداء ہمیشہ کے لئے امر ہوگئے ہیں، بھارتی جارحیت کیخلاف پوری پاکستانی قوم متحد ہے اور وقت آنے پر وطن عزیز کے دفاع کیلئے اپنی جان و مال سمیت ہر طرح کی قربانی دینے کیلئے تیار ہے۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر ملک بھر میں فول پروف سکیورٹی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عزاداران سید الشہداء کی سکیورٹی کو یقینی بنانا حکومت کی ذمہ دارای ہے، انہوں نے کہا کہ دشمن ہمیں مسلکی بنیاد پر تقسیم کرکے ملکی سلامتی پر وار کرنے کی سازش میں مصروف ہے، لہٰذا ممبر و محراب سے اتحاد اور یکجہتی کا پیغام عام کرنے کی ضرورت ہے۔

.......

/169