اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ہندوستانی فوج کے ذرائع کے حوالے سے خبردی ہے کہ مسلح افراد نے ہندواڑہ میں راشٹریہ رایفل کیمپ کے باہر دو مقامات پر فائرنگ کی اور پھر اس کے بعد وہاں سے فرار ہونے کی کوشش تاہم ہندوستانی فوجیوں نے ان میں سے تین مسلح افراد کو گولی مارکر ہلاک کردیا -
ہندوستانی فوج کا کہنا ہےکہ مارے گئے تینوں ہی حملہ آور غیر ملکی شہری ہیں - ہلاک ہونےوالے مسلح افراد کے قبضے سے بھاری مقدار میں ہتھیار اور گولہ بارود برآمد کرنے کی بھی بات کہی گئی ہے - مسلح افراد کے حملے میں دو ہندوستانی فوجی بھی زخمی ہوئے ہیں جنھیں اسپتال میں داخل کرادیا گیاہے -
واضح رہے کہ اٹھائیس اور انتیس ستمبر کی درمیانی رات پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں سرجیکل آپریشن کرنے کے ہندوستان کے دعوے کے بعد ہندوستانی فوج کے مراکز پر یہ دوسرا حملہ ہے - اس سے پہلے اتوار کو بھی بارہ مولا میں راشٹریہ رائفل کے کیمپ پر مسلح افراد نے حملہ کیا تھا جس میں دو حملہ آور اور ایک ہندوستان فوجی مارا گیا تھا-
ہندوستان کی خبر رساں ایجنسی این این آئی نے بتایا ہے کہ مسلح افراد فوجی وردی میں ملبوس تھے اور یہ حملہ جمعرات کی صبح پانچ بجے کیا گیا - ہندواڑہ میں کرنل راجیو سہارن نے بتایا کہ تین مسلح افراد مارے گئے ہیں جو غیر ملکی تھے-
اس درمیان وادی میں جاری پرتشدد مظاہروں کو تین ماہ مکمل ہوگئے ہیں اور جمعرات کو بھی وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں پرتشدد مظاہرے جاری رہے جن میں تیس سے زائد افراد زخمی ہوئے ، جن میں متعدد خواتین بھی شامل ہیں - ریاستی حکام کا کہناہے کہ حالات ان کے کنٹرول میں ہیں تاہم مظاہرے تھمنے کا نام نہیں لے رہے ہیں -
رپورٹ کے مطابق شمالی کشمیر کے پل ہالن اور بانڈی پورہ جیسے علاقوں میں شدید مظاہرے ہوئے ہیں - مقامی باشندوں کا کہنا ہے پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسوگیس کے گولوں اور پیلٹ گنوں کا استعمال کیا ہے- جنوبی کشمیر میں بھی مختلف مقامات پر ایسے ہی مظاہرے ہوئے - علیحدگی پسند جماعتوں کی اپیل پر جمعرات کو بھی ہڑتال کے باعث کار وبار زندگی مفلوج رہا -
اس درمیان علیحدگی پسندجماعتوں کے اتحاد نے مظاہروں اور ہڑتال کی کال کی مدت آئندہ تیرہ اکتوبرتک بڑھادی ہے - جبکہ ان جماعتوں نے جمعہ سات اکتوبر کو سری نگر میں اقوام متحدہ کے نمائندہ دفتر کی جانب لوگوں سے مارچ کرنے کی اپیل کی ہے جس کو دیکھتے ہوئے حکام نے جمعرات سے ہی سیکورٹی سخت کردی ہے -
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲