1 اکتوبر 2016 - 14:43
ہند و پاک کے ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرنے پر الزامات

ہندوستان اور پاکستان نے ایک دوسرے پر کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ فرانس پرس نے خبر دی ہے کہ کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے اور دونوں ملکوں نے ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے-

پاکستانی فوج نے ہفتے کو اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہندوستانی فوج نے ہفتے کی صبح بھمبر سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کی جس کے جواب میں پاکستانی فوجیوں نے بھی فائرنگ کی-

پاکستانی فوج نے اپنے بیان میں ممکنہ جانی اور مالی نقصان کا کوئی ذکر نہیں کیا ہے-

دوسری جانب ہندوستان نے بھی پاکستان پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے-

جموں و کشمیر میں ڈویژن کمشنر پون کوتوال نے بتایا کہ پاکستانی فوجیوں نے اخنور سیکٹر میں دو گھنٹے تک فائرنگ کی-

البتہ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوجیوں کی فائرنگ میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا- ان کا کہنا تھا کہ ہم ہرطرح کی صورت حال کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں-

پون کوتوال نے کہا کہ جموں میں صورت حال پرسکون ہے- ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں اس وقت اضافہ ہو گیا جب اٹھارہ ستمبر کو اڑی میں ہندوستانی فوجی مرکز پر حملہ ہوا جس میں انیس فوجی ہلاک ہو گئے-

ہندوستان کا کہنا ہے کہ یہ حملہ پاکستان میں سرگرم مسلح افراد  نے کیا ہے جبکہ پاکستان نے اس الزام کی سختی سے تردید کی ہے-

جمعرات کو ہندوستانی فوج کے ڈی جی ایم او جنرل رنویر سنگھ نے نئی دہلی میں اعلان کیا کہ ہندوستانی فوجیوں نے کشمیر میں سرحد کے اس پار دہشت گردوں کے لانچ پیڈوں پر سرجیکل آپریشن کر کے ان کے سات ٹھکانے تباہ کر دیئے-

پاکستان نے سرجیکل آپریشن کے ہندوستان کے دعوے کی سختی سے تردید کی ہے- پاکستان کا کہنا ہے کہ ہندوستان نے سرجیکل آپریشن نہیں بلکہ بلااشتعال فائرنگ کی-

اس واقعے کے بعد لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا جس میں شدت آگئی ہے-

سری نگر میں ہمارے نمائندے کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر اس وقت جنگ کا ماحول ہے اور سرحدی علاقوں میں بسنے والوں نے اپنے اپنے گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر پناہ لے لی ہے-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲

لیبلز