24 ستمبر 2016 - 13:40
ابراہیم الجعفری: خلیج فارس تعاون کونسل کا بیان اندرونی معاملات میں مداخلت ہے

عراق کے وزیر خارجہ ابراہیم الجعفری نے خلیج فارس تعاون کونسل کے حالیہ بیان پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے اسے اپنے ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ ابراہیم الجعفری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عراق اور کویت کے تعلقات صحیح سمت میں گامزن ہیں اور خلیج فارس تعاون کونسل کا بیان غلط اور باعث تشویش ہے۔ عراقی وزیر خارجہ کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ابراہیم الجعفری نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر اپنے کویتی ہم منصب کے ساتھ ملاقات بھی کی ہے۔

بیان کے مطابق اس ملاقات میں دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے باہمی تعلقات کے فروغ کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ ابراہیم الجعفری نے خلیج فارس تعاون کونسل کے بیان پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس بیان میں عراق کے حالات کا صحیح تجزیہ نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے خلیج فارس تعاون کونسل پر عراق کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا بھی الزام عائد کیا۔

دوسری جانب کویت کے وزیر خارجہ نے داعش کے خلاف جنگ میں عراق کی کامیابیوں کی قدردانی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ملک اس بات کی کوشش کر رہا ہے کہ، داعش کے خلاف جنگ میں عراق کو جس تعاون کی ضرورت ہے، اسے فراہم کیا جائے۔

۔۔۔۔۔

/169