10 ستمبر 2016 - 13:51
بنگلہ دیش؛ ڈھاکہ میں ملبوسات کی فیکٹری میں لگی آگ، درجنوں افراد ہلاک

بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے مضافات میں ملبوسات کی پیکنگ کرنے والی ایک فیکٹری میں آگ لگنے سے درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے ہیں-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ڈھاکہ سے موصولہ خبروں میں کہا گیا ہے کہ عیدالاضحی سے قبل ملبوسات کی پیکنگ کرنےوالی فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھنے سے تیئس افراد ہلاک اور کم سے کم سترزخمی ہوگئے ہیں - یہ حادثہ ڈھاکہ کے شمالی مضافاتی علاقے ٹونگی میں پیش آیا - ٹونگی اسپتال کے ایک ڈاکٹر کا کہناہے کہ جن زخمیوں کی حالت زیادہ تشویشناک تھی انہیں ڈھاکہ منتقل کردیا گیا ہے - ٹونگی ڈھاکہ سے تیرہ کلومیٹر دور شمال میں واقع ہے -

خبروں میں بتایا گیا ہے کہ آگ اس وقت لگی جب فیکٹری کی چوتھی منزل پر موجود بوائلر پھٹ گیا-  خبروں میں بتایا گیا ہے کہ جس وقت فیکٹری میں آگ لگی اس وقت وہاں ایک سو سے زائد افراد کام میں مشغول تھے-  ڈھاکہ کی پولیس کا بھی کہنا ہے کہ فیکٹری میں کام کرنےوالے افراد آگ لگنے کے بعد وہاں پھنس گئے جس کی وجہ سے اتنے بڑے پیمانے پر لوگ ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں - اس درمیان فائربریگیڈ کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ آگ کے تیزی سے پھیلنے کی وجہ، گراؤنڈ فلور پر موجود کیمیاوی مادے تھے -

یہاں یہ بات قابل ذکرہے کہ بنگلہ دیش میں ملبوسات اور اس طرح کے دیگر کارخانوں اور فیکٹریوں میں اکثر وبیشتر آتشزدگی اور دیگرسانحے رونما ہوتے رہتے ہیں-  نومبر دوہزار بارہ میں بھی ڈھاکہ کے صنعتی علاقے  آشولیہ میں ایک نومنزلہ فیکٹری میں آگ لگنے سے ایک سو گیارہ افراد جبکہ دوہزار تیرہ میں ایک کارخانے کی عمارت گرجانے سے ایک ہزار سے زیادہ مزدور ہلاک ہوگئے تھے -

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲

لیبلز