28 جون 2016 - 15:31
غزہ کا محاصرہ جاری رکھنے پراسرائیل کی تاکید

صیہونی حکومت کے وزیراعظم نے اعلان کیا ہے کہ ترکی کے ساتھ تعلقات بحال ہونے کے باوجود غزہ کا محاصرہ بدستور جاری رہے گا -

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے وزیراعظم نے اعلان کیا ہے کہ ترکی کے ساتھ تعلقات بحال ہونے کے باوجود غزہ کا محاصرہ بدستور جاری رہے گا -

اس سے پہلے ترکی کے وزیراعظم بن علی ییلدریم نے دعوی کیاتھا کہ اسرائیل کے ساتھ ترکی کے تعلقات کی بحالی کے سمجھوتے کی ایک شق میں اس بات پر بھی تاکید کی گئی ہے کہ اسرائیل غزہ کا محاصرہ کم کرےگا-

صیہونی حکومت کے وزیراعظم نے ترکی کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے سمجھوتے کو اسٹریٹیجیک قراردینے کے باجود کہا ہے کہ غزہ کا محاصرہ بدستور جاری رہےگا -

بنیامین نتنیاہو نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ ترکی کے ساتھ تعلقات بحال ہونے سے ترکی کے راستے یورپ کے لئے اسرائیل کی گیس سپلائی کا راستہ ہموار ہوجائےگا کہا کہ یہ سمجھوتہ ترکی کو اس بات کاپابند بناتا ہے کہ وہ اسرائیل کی، بین الاقوامی اداروں منجملہ نیٹو میں شامل ہونے اور اپنے نمائندہ دفاتران اداروں میں کھولنے میں مدد کرے -

ترکی اور اسرائیل کے تعلقات دوہزار دس میں اس وقت منقطع ہوگئے تھے جب ترکی کے مرمرہ بحری جہاز پر جو غزہ کے محصور فلسطینیوں کے لئے امدادی سامان اور بین الاقوامی امدادی کارکنوں کو لے کرغزہ کی جانب جارہا تھا اسرائیلی کمانڈوز نے حملہ کردیا تھا -

ترکی نے اس وقت اعلان کیا تھا کہ جب تک غزہ کا محاصرہ ختم نہیں ہوگا وہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات برقرار نہیں کرے گا -

۔۔۔۔۔۔۔

/169