22 اپریل 2015 - 05:52
انڈونیشیا میں ایشیا، افریقہ سربراہی اجلاس کا آغاز

انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتا میں بدھ کی صبح کو، ایشیا افریقہ کانفرنس کا سربراہی اجلاس صدر مملکت حسن روحانی کی شرکت سے شروع ہو گیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اس سربراہی اجلاس میں ایشیا اور افریقہ کے سو سے زائد اعلی حکام اور رہنما نیز سولہ مبصر ملکوں کے نمائندے اور پچیس بین الاقوامی تنظیمیں شرکت کر رہی ہیں۔ بدھ کی سہ پہر اس اجلاس میں شریک اسلامی کانفرنس تنظیم کے ممبر ممالک کے سربراہوں کا بھی ایک اجلاس، صدر مملکت روحانی کی صدارت میں جکارتا میں منعقد ہو گا۔ اس اجلاس کے اہم ترین موضوعات میں، ایک آزاد فلسطینی مملکت کے قیام کی حمایت، بحران یمن کے حل کے سیاسی حل پر تاکید، نیز علاقائی اور بین الاقوامی مسائل کا جائزہ لیا جانا شامل ہے۔ انڈونیشیا کے صدر جوکو ویڈو ڈو نے، جو گذشتہ سات ماہ سے، دنیا میں مسلم آبادی کے اعتبار سے جنوب مشرقی ایشیا کے سب سے بڑے ملک کے صدر کی حیثیت سے اس عہدے پر فائز ہیں، اجلاس کی افتتاحی تقریر میں سربراہان مملکت کو خوش آمدید کہا۔ انڈونیشیا کے صدر نے اس اجلاس کے آغاز سے قبل، اجلاس ہال میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کااستقبال کیا۔ یہ اجلاس انڈونیشیا میں ایشیا افریقہ کانفرنس کے ساٹھویں یوم تاسیس کی مناسبت سے منعقد ہو رہا ہے جس کا ایشیا افریقہ کے ایک سو تیس ممالک کی جانب سے مناسب خیر مقدم کیا گیا ہے۔ صدر مملکت اس اجلاس کی پہلی نشست سے خطاب کریں گے-

.......

/169