2 اپریل 2015 - 17:14
فلسطین: صیہونی فوجیوں کی فلسطینیوں پر فائرنگ

صیہونی غاصبوں نے دریائے اردن کے مغربی کنارے اور غزہ پٹی میں فلسطینیوں پر فائرنگ کی ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی فوجیوں نے جمعرات کے روز دریائے اردن کے مغربی کنارے کے شہر الخلیل میں ان فلسطینی کسانوں پر، جو اپنے باغات میں زیتون کے درخت لگانا چاہتے تھے- آنسو گیس کے گولے فائر کیے- صیہونیوں نے فلسطینی کسانوں کو سرکوب کرنے کے علاوہ امن کے لیے کام کرنے والی ایک غیرملکی خاتون کو بھی گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا- صیہونی غاصب فلسطینیوں کے زیتون کے باغات تباہ کر کے انھیں اقتصادی لحاظ سے دباؤ میں رکھنے کی کوشش کرتے ہیں- اسرائیلی فوجیوں نے جمعرات کے روز غزہ پٹی کے سرحدی علاقوں میں کھیتوں میں کام کرنے والے فلسطینی کسانوں پر فائرنگ کر دی- دوسری جانب صیہونی میڈیا نے دریائے اردن کے مغربی کنارے میں ایک فلسطینی نوجوان کے ہاتھوں ایک اسرائیلی فوجی کے زخمی ہونے کی خبر دی ہے- میڈیا رپورٹوں کے مطابق ایک فلسطینی نوجوان نے نابلس شہر کے جنوب میں واقع ایک چیک پوسٹ پر ایک اسرائیلی کو چاقو کا وار کر کے زخمی کر دیا- اس اسرائیلی فوجی کو اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ فلسطینی نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا- یہ ایسے وقت میں ہے کہ جب جمعرات کی صبح صیہونی فوجیوں نے نابلس شہر کے شمال میں الفارعہ گاؤں پر دھاوا بول کر دو فلسطینی نوجوانوں کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا- حالیہ مہینوں کے دوران صیہونی فوجیوں نے فلسطینیوں پر اپنے حملے تیز کر دیے ہیں اور بعض مواقع پر انھیں فلسطینی نوجوانوں کے ردعمل کا سامنا کرنا پڑتا ہے-

.......

/169