12 مارچ 2015 - 11:24
امریکہ این پی ٹی کی خلاف ورزی کررہا ہے: روس

روس کی وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے اپنے اتحادی ملکوں کے ہوابازوں کی ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کے طریقے کی تربیت، این پی ٹی معاہدے کے منافی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق روس کی وزارت خارجہ میں ایٹمی عدم پھیلاؤ شعبے کے سربراہ میخائیل اولیانوف نے بدھ کے روز کہا ہے کہ ماسکو، جوہری ہتھیار چلانے کے طریقے کی تربیت کو امریکہ کی جانب سے ایٹمی عدم پھیلاؤ معاہدے کی خلاف ورزی سمجھتا ہے۔ 

انھوں نے کہا ہے کہ اپنے اتحادی ملکوں کے پائیلٹس کو ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کا طریقہ سکھا کر امریکہ، عالمی سلامتی کو خطرے سے دوچار کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کے اس اقدام سے ایٹمی عدم پھیلاؤ کے معاہدے کو آگے بڑھانے میں بھی مسائل پیدا ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ روس، ایٹمی عدم پھیلاؤ کے اصول پر مکمل پابندی کا خواہاں ہے مگر اس اصول پر سب سے پہلے امریکہ کی جانب سے عمل کئے جانے کی ضرورت ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169