اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ یمن کے وزیراعظم خالد بحاح کے استعفے کے بعد یمن کے صدر عبدربہ منصور ہادی نے بھی اپنا استعفی پارلیمنٹ میں پیش کر دیا جسے پارلیمنٹ کے اسپیکر نے نامنظورکر دیا۔ یمن کے صدر منصور ہادی نے جمعرات کی رات پارلیمنٹ کو اپنا استعفی پیش کردیا۔ یمنی صدر کے قریبی ساتھیوں کا کہنا ہے کہ وزیراعظم خالد بحاج کے استعفے کے بعد منصورہادی نے بھی صدر کے عہدے سے استعفادے دیا ہے۔ منصورہادی نے اپنے استعفے میں لکھا ہے کہ عہدۂ صدارت نے مجھ پر ذمہ داریاں عائد کی ہيں، میں انہیں پورا نہیں کرسکتا۔ یمنی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے صدرکے استعفے کا جائزہ لینے کے لئے پارلیمنٹ کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔ یمن کے وزیراعظم اور صدرکے استعفے، حکومت اور انصاراللہ تحریک کے درمیان ہونےوالے تازہ معاہدے کے ایک دن بعد پیش کیے گئے ہیں۔ یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ نے اس سے پہلے حکومت کی طرف سے عوام کو اقتدار میں مزید حصہ داری دئے جانے کی پیشکش کا خیرمقدم کیا تھا ۔ انصاراللہ کے سینئر رکن محمد البخیتی نے کہا تھا کہ حکومت کی طرف سے حکومت میں عوام کو مزید شراکت دئے جانے پر مبنی حکومتی پیشکش، اس صلح سمجھوتے کے تحت ہے، جوستمبر میں انصاراللہ تحریک اور حکومت کے درمیان انجام پایا تھا- انہوں نے کہا کہ اس نئے سمجھوتے سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ انصاراللہ تحریک، ملک میں سیاسی عمل کو کمزور کرنے کا کوئي ارادہ نہيں رکھتی۔ اس درمیان عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دارالحکومت صنعا میں تقریبا سبھی سرکاری ادارے بند ہيں اور ہر طرح کی تجارتی سرگرمیاں بھی معطل ہيں۔ ادھر جنوبی شہر عدن سے خبر ہے کہ جمعے کی صبح زوردار دھماکوں کی آوازیں سنائی دی ہيں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ عدن کے الشہدا اسکوائر پر کئي زوردار دھماکوں کی آوازيں سنی گئي ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲