اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ لبنان کے المیادین چینل کی رپورٹ کے مطابق شام کے صدر بشار اسدنے اسلامی جمہوریۂ ایران کے صدر حسن روحانی کے نام ایک مراسلے میں امریکہ اور اسرائیل کے اثر ورسوخ کی روک تھام کے لئے دو طرفہ تعاون کی تقویت پر تاکید کی ہے۔ اسلامی جمہوریۂ کے صدر روحانی نے شام کے وزیر اعظم وائل الحلقی سے ملاقات میں کہا کہ دہشت گردوں کے مقابلے میں شامی عوام اور فوج کی مزاحمت نے ظاہر کر دیا کہ فوجی و اقتصادی امداد سے مزاحمت کو نہ تو ختم کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی ایک جائز حکومت کو گرایا جا سکتا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے تہران اور دمشق کے اقتصادی تعلقات میں توسیع کا خیر مقدم کیا۔ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ گزشتہ چار سال کے دوران شام کے عوام اور فوج نے یہ واضح کر دیا کہ وہ دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کی مکمل توانائی رکھتی ہے۔ صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ شام کے بحران کے حل کا واحد راستہ مذاکرات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی حکومت اور عوام کی دلی خواہش ہے کہ جلد از جلد شام میں امن و سلامتی بحال ہو اور شامی پناہ گزیں اپنے گھروں کو واپس لوٹیں ۔شام کے وزیر اعظم نے بھی دہشت گردوں سے مقابلے میں فوج اور عوام کو ملنے والی کامیابیوں کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ داعش کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے ایران اور شام کے درمیان باہمی تعاون کی ضرورت ہے۔ وائل الحلقی نے،اقتصادی شعبوں سمیت تمام شعبوں میں تہران اور دمشق کے تعلقات میں توسیع پر زور دیا۔وہ پیر کی رات کو ایران کے اعلی حکام سے ملاقات اور گفتگو کے لئے تہران آئےتھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲