15 دسمبر 2014 - 05:34
غزہ جنگ کی کامیابی ایران کی مرہون منت ہے

حماس نے کہا ہے کہ ایران کی مدد کی وجہ سے ہی غزہ کی جنگ میں کامیابی ملی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کی فوجی شاخ عزالدین قسام کے ترجمان ابو عبیدہ نے کہا ہے کہ فلسطینی مجاہدین نے غزہ کی جنگ میں ایران کی مدد کی وجہ سے صیہونیوں کو شکست کا مزہ چکھایا ہے۔

انہوں نے غزہ میں تحریک حماس کی تاسیس کی ستائيسویں سالگرہ کے موقع پر کہا کہ ایران نے صیہونیوں کے ساتھ جنگ میں مزاحمت کو کسی طرح کی امداد خاص طور پر مالی اور فوجی امداد سے دریغ نہیں کیا۔ ابو عبیدہ کا کہنا تھا کہ ایران نے اینٹی ٹنیک میزائیلوں کے ساتھ مزاحمت کے مجاہدین کی مدد کی اور ان مجاہدین نے اللہ تعالی پر توکل اور ایمانی جذبے کے ساتھ صیہونی غاصبوں پر فتح حاصل کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران نے اکیاون روزہ جنگ کے دوران غزہ کی مزاحمت کی کامیابی میں عظیم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ بیت المقدس اور مسجد الاقصی کو جلد ہی اسرائیل کے غاصبانہ قبضے سے آزاد کرا لیا جائے گا۔ قسام بریگيڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے کہا کہ حماس کبھی بھی بیت المقدس اور مسجد الاقصی کے سلسلے میں سستی سے کام نہیں لے گا اور انہیں جلد ہی صیہونیوں کے قبضے سے آزاد کرائے گا۔
دوسری جانب حماس کے ایک اہم رکن نے کہا ہے کہ ایران نے ہر موقع پر ملت فلسطین اور فلسطینیوں کی مزاحمت کی حمایت کی ہے۔

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک کے رکن یوسف رزقا نے کہا ہے کہ ایران نے ہمیشہ فلسطین اور فلسطینیوں کا ساتھ دیا ہے اور اس کا یہ قدم قابل ستائش اور اہم ہے۔
انہوں نے الوطن اخبارمیں شائع ہونے والے اپنے ایک مضمون میں لکھا ہے کہ ایران کے ساتھ تعلقات کے لئے حماس کی تنقید، ملت فلسطین کو نقصان پہنچانے کے مقصد سے صیہونی حکومت کی سازش ہے۔

یوسف رزقا نے حماس کے ایک وفد کے دورہ تہران کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ غزہ کے محاصرے زیادہ شدید ہونے کے باوجود حماس کے لیڈروں کا یہ دورہ خاص اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ ایران نے ہمیشہ صیہونی حکومت کے مقابلے میں فلسطینیوں کی حمایت کی ہے اور اس نے فلسطینیوں کو کبھی بھی اکیلا نہیں چھوڑا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔

/169