اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، غزہ کی پٹی کے اسپتال ذرائع نے بتایا ہے کہ اسرائیلی فضائی حملوں میں غزہ شہر اور نصیرات کیمپ کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 10 فلسطینی شہید اور 15 زخمی ہوئے۔
فلسطینی ہلال احمر نے بھی اعلان کیا کہ غزہ صوبے میں میونسپل پولیس کے ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنائے جانے کے بعد اس کے زیر انتظام السرايا فیلڈ اسپتال میں 5 شہداء اور 15 زخمیوں کو منتقل کیا گیا، جن میں 2 شہداء کے جسدِ خاکی بری طرح مسخ شدہ حالت میں تھے۔
ہلال احمر کی امدادی ٹیموں نے کارروائی کے دوران 7 شہداء اور 15 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ بعد ازاں امدادی اور ہنگامی خدمات کے ایک ذریعے نے بتایا کہ حملے میں شہداء کی تعداد 9 اور زخمیوں کی تعداد 15 ہوگئی ہے۔ یہ حملہ غزہ شہر کے وسط میں اسرائیلی ڈرون کے ذریعے کیا گیا تھا۔
دوسری جانب فلسطینی وزارت داخلہ و قومی سلامتی نے ثالثوں اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں خطرناک اضافے اور پولیس اہلکاروں کے خلاف جاری قتل عام کو فوری طور پر روکنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
وزارت نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے اپنے جرائم کو جواز فراہم کرنے کے لیے پیش کیے جانے والے تمام دعوے بے بنیاد ہیں۔ وزارت کے مطابق اسرائیل پولیس کے کردار کو ختم کرکے غزہ میں افراتفری پھیلانے اور فلسطینی حکومتی اداروں و عوامی نظم و ضبط کو کمزور کرنے کی دانستہ کوشش کر رہا ہے۔
آپ کا تبصرہ