اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے ایک سینئر جوہری مذاکرات کار کا کہنا ہے کہ ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان بہت ہی جلد جامع جوہری معاہدہ طے پا سکتا ہے۔
پیر کو ایران کے نائب وزیر خارجہ مجید تخت روانچی نے کہا کہ ہم پرامید ہیں کہ بہت ہی جلد یہ جامع معاہدہ طے پا جائے گا، تاہم اس کے لیے کسی تاريخ کو معین نہیں کیا جا سکتا۔
یاد رہے کہ 24 نومبر کی ڈیڈلائن سے قبل ایران اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان روس، چین، امریکہ، برطانیہ اور فرانس کے علاوہ جرمنی کے درمیان ویانا میں ایک ہفتہ طویل بہت ہی سنجیدہ مذاکرات ہوئے۔ ان مذاکرات میں فریقین کے درمیان باقی رہنے والے اختلافات کے حل پر غور و خوض کیا گیا۔
تخت روانچی نے کہا کہ کئی مسائل پر فریقین کے خیالات میں اتفاق حاصل ہو گیا تھا، تاہم وقت کی کمی کی وجہ سے حتمی معاہدہ نہیں ہو پایا۔
انہوں نے کہا کہ مسائل بہت پیچیدہ ہیں۔ اگر آپ جامع معاہدے تک پہنچنا چاہتے ہیں تو مسائل پر تبادلہ خیال کے لیے آپ کو کافی وقت درکار ہوتا ہے۔ آپ محدود وقت میں ہر مسئلہ پر اتفاق حاصل نہیں کر سکتے۔
ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان مزید سات ماہ کے لیے مذاکرات کی مدت میں توسیع پر اتفاق ہو گیا ہے، تاکہ ایران کے پرامن جوہری پروگرام سے متعلق 12 سالہ قدیم مسئلہ پر جامع سمجھوتا طے پا سکے۔
.......
/169