19 اکتوبر 2014 - 12:30
داعش اور صہیونی، ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں

وزیر دفاع بریگیڈیر جنرل حسین دہقان نے اپنے لبنانی ہم منصب سے ملاقات میں زور دے کر کہا کہ دہشت گرد گروہ داعش اور ظالم صیہونی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق  سنیچر کی رات ہونے والی اس ملاقات میں وزیر دفاع نے اس حساس مرحلے میں لبنانی وزیر دفاع کے تہران دورے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لبنان، قدیم تہذیب اور ثقافت کا مالک ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملت ایران اور لبنان کے درمیان ثقافتی، مذہبی اور سماجی اشتراکات پائے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لبنان ایک آزاد اور مستحکم ملک ہونے اور اس کے بہترین جغرافیائی محل وقوع کے پیش نظر، ایران کی خارجہ پالیسی میں ہمیشہ سر فہرست رہا ہے اور ایران نے لبنان کے اتحاد، سالمیت اور امن و سلامتی کی ہمیشہ حمایت کی ہے۔

بریگیڈیر جنرل حسین دہقان نے دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران، اپنے دوست ملک لبنان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کی توسیع کا خواہاں ہے۔ انہوں نے علاقے کی حساس صورتحال اور صیہونی حکومت کو محفوظ بنانے کے لئے کچھ ممالک کی پالیسیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا دہشت گرد گروہ، کچھ علاقائی اور مغربی ممالک کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے وجود میں آئے ہیں اور یہ ملک ان تنظیموں کی مالی اور اسٹریٹجک مدد کر رہے ہیں۔

وزیر دفاع نے داعش اور صیہونیوں کو ایک ہی سکے کا دو رخ بتایا اور کہا کہ دونوں کی عام شہریوں کی نسل کشی کرتے ہیں، بنیادی ڈھانچوں کو تباہ کر رہے ہیں، لبنان، عراق اور شام میں فلسطینی مزاحمت کو کمزور کر رہے ہیں اور عالم اسلام میں ناامنی پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ داعش اور صیہونیوں کے خطرے سے نمٹنے کے لئے تمام مسلمانوں کو متحد ہو جانا چاہیے اور مزاحمت کی بھرپور حمایت کرنا چاہئے۔


اس ملاقات میں لبنان کے وزیر دفاع نے اپنے ایران کے دورے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مختلف شعبوں بالخصوص دفاع کے میدان میں دونوں ممالک کے تعلقات کو وسیع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ داعش اور صیہونی حکومت، لبنان کے دشمن ہیں اور ملک کی تمام سیاسی پارٹیاں، اور عوام دہشت گردی سے جدوجہد میں لبنانی فوج کی بھرپور حمایت کر رہے ہیں۔

.......

/169