اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاکستان میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں ہونے والی اموات میں بدستور اضافہ ہورہا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان میں سرکاری طور پر جاری کئے جانے والے اعدادوشمار میں بتایا گيا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں آنے والے سیلاب کی بناء پر ابتک دو سو تیس افراد لقمۂ اجل بن چکے ہیں جبکہ سینکڑوں افراد زخمی اور یا پھر لاپتہ ہیں۔ سب سے زیادہ جانی نقصان پاکستان کے صوبے پنجاب میں ہوا ہے۔ پاکستان کے صوبوں پنچاب اور خیبرپختونخوا اور اسی طرح اس ملک کے زیر انتظام کشمیر میں آنے والے سیلاب کے نتیجے میں اس وقت سینکڑوں کی تعداد میں قصبے اور دیہات زیر آب ہیں جہاں لاکھوں افراد بے گھر ہوگئے ہیں جبکہ دسیوں ایکڑ زرعی اراضی بھی تباہ ہوگئی ہے۔ ادھر ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں بھی تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں لقمۂ اجل بننے والے افراد کی تعداد چار سو سے تجاوز کرگئی اور ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔ دریاؤں میں آنے والی طغیانی کے سبب رہائشی مکانات، سڑکوں، زرعی اراضی اور پلوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ ہندوستان کے حکام نے اعلان کیا ہے کہ اس وقت کوئی تین ہزار قصبے اور دیہات، سیلاب میں گھرے ہوئے ہیں جبکہ ساڑھے چار سو علاقے، زیر آب ہیں تاہم امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲