اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق عراق میں مشرقی ديالہ صوبے کی فوج کے کمانڈر بریگیڈیر جنرل جمیل الشمري نے بتایا ہے کہ مشرقی بعقوبہ کے بلدروز میں وسیع پیمانے پر فوجی مہم شروع کر دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس مہم کا مقصد، شمال مشرقی بعقوبہ کے اروايئہ ڈیم سے داعش کے قبضے کو ختم کرکے علاقے پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنا ہے۔
سومريہ نیوز نے جمیل الشمري کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ فوج اور پولیس کے ساتھ ساتھ رضاکار فورسز بھی اس مہم میں حصہ لے رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مہم میں جنگی طیاروں کی بھی مدد لی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مہم سنیچر کی شام سے شروع ہو گئی ہے۔
بریگیڈیر جنرل الشمري کا کہنا تھا کہ مشرقی بعقوبہ سے تیس کلومیٹر دور بلدروز میں اروايئہ ڈیم کے پانی کو دہشت گردوں نے روک دیا ہے اور جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو دس دنوں سے پانی کی کمی کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ کارروائی جاری رہی تو اس علاقے میں خطرناک انسانی المیہ پیدا ہو جائے گا۔
دوسری جانب اطلاع ہے کہ امریکی اور عراقی فوج نے الحديثہ ڈیم کی حفاظت کے لئے مشترکہ طور پر کارروائی شروع کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے ہیں۔
امریکی فوج کی سنٹرل کمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عراقی حکومت کی درخواست پر امریکی فوجیوں نے حدیثہ ڈیم کی حفاظت کر رہے عراقی سیکورٹی اہلکاروں اور قبائل کی مدد کے لئے انبار صوبے میں داعش کے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملہ کیا۔
واضح رہے کہ داعش نے شمالی مقداديہ کے اروايئہ ڈیم پر کنٹرول کرکے علاقے کے لوگوں کے لئے اس ڈیم کے پانی کو روک دیا ہے۔
.......
/169