اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق لیبیا میں مسلح گروہوں نے دعوی کیا ہے کہ انھوں نے ترپولی ھوائی اڈے پر قبضہ کرلیا ہے۔ ترپولی ائرپورٹ سے حاصل ہونے والی تصویروں میں لوگوں کو ایک جہاز کے ملبے پر جشن مناتے دیکھا جاسکتا ہے۔
فرانس پریس نے لیبیا کے مقامی ٹی وی چینل کےحوالے سے رپورٹ دی ہے کہ مسلح گروہ ترپولی کے بین الاقوامی ھوائی اڈے پر کنٹرول کرنے میں کامیاب ہوگئے ہيں ۔اس سے قبل اطلاعات تھیں کہ ترپولی ائرپورٹ کے اطراف میں شدید جھڑپيں ہو رہی ہيں۔ ابھی تک لیبیا کے سرکاری ذرائع نے اس خبر کی تصدیق نہيں کی ہے۔ ترپولی ھوائي اڈہ گذشتہ مہینے لڑائی کے بعد سے بند پڑا ہوا ہے ۔ جولائي میں اس ائرپورٹ پر جنگجؤں کے حملے میں نوے فیصد جہاز تباہ ہوگئے تھے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے نمائندہ دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ترپولی اور بنغازي میں جھڑپوں کا دائرہ مقامی آبادیوں اور عمومی مقامات تک پھیل گیا ہے اور متصادم گروہ ایک دوسرے کے خلاف جنگی طیارے بھی استعمال کررہے ہيں۔
درایں اثنا لیبیا کی پارلیمنٹ نے مسلح گروہوں کے مقابلے میں فوج کی مکمل حمایت کااعلان کیا ہے۔
فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق لیبیا کی پارلیمنٹ نے اتوار کو ایک بیان جاری کرکے لیبیا کے مختلف علاقوں کے حالات پر تشویش ظاہر کی ہے۔
.......
/169