اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ عراقی پارلیمنٹ میں دفاعی اور سیکیوریٹی کمیشن کے نائب سربراہ اسکندر وتوت نے سومریہ نیوز سے گفتگو میں کہا ہےکہ تکفیری دہشتگرد گروہ داعش کے پاس صیہونی حکومت کے پیشرفتہ ہتھیار موجود ہیں اور سعودی عرب، قطر نیز ترکی، عراق کے سیاسی عمل کو سبوتاژ کرنے کے لئے دہشتگردوں کی مالی حمایت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عراق کے پاس ایسے ثبوت و شواہد ہیں جن سے واضح ہوتا ہے کہ سعودی عرب، ترکی اور قطر تکفیری دہشتگردوں کی حمایت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تینوں ممالک دہشتگردوں کو ٹریننگ دینے کےبعد انہيں بے گناہ لوگوں کے قتل عام کے لئے عراق بھیج دیتے ہیں۔ وتوت نے کہا کہ شام میں لڑنے والے تکفیری دہشتگردوں کاعلاج مقبوضہ فلسطین میں ہورہا ہے اور صیہونی حکومت تکفیری دہشتگردوں کو انٹیلی جنس فراہم کرکے ان کی حمایت کررہی ہے۔ قابل ذکرہے عراقی وزیر اعظم نوی المالکی نے آٹھ مارچ کو کہا تھا کہ سعودی عرب اور قطر نے عراق کے خلاف جنگ چھیڑ رکھی ہے اور یہ دونوں ملک علاقے اور عالمی سطح پر دہشتگردی کی حمایت کررہے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲