21 مئی 2014 - 14:09
صدر مملکت کا سیکا کانفرنس سے خطاب

اسلامی جمہوریۂ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ مذاکرات کے دونوں فریقوں کی کامیابی کو مد نظر رکھنے اور توسیع پسندی سے دور رہنے سے ایران کے ایٹمی پروگرام کے بارے میں جاری مذاکرات میں حتمی سمجھوتے تک پہنچا جا سکتا ہے ۔

ابنا: رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریۂ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے آج چین کے شہر شنگھائی میں منعقدہ ، ایشیا میں باہمی رابطے اور اعتماد سازی کےاقدامات (سیکا) کانفرنس میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریۂ ایران اپنی دفاعی حکمت عملی اور دینی و اخلاقی اصولوں کی بنیاد پر ایٹمی ہتھیاروں کامخالف ہے لیکن پرامن ایٹمی ٹیکنالوجی سے استفادے کو، اپنا اورتمام ملکوں کا حق سمجھتا ہے ۔ اسلامی جمہوریۂ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اپنی تقریر میں کہا کہ انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اڑسٹھویں اجلاس میں عالمی برادری کو درپیش مشکلات سے باہر نکالنے کے حوالے سے تجاویز اور طریقۂ کار پیش کیا تھا اور جنگ کے مقابلے میں امن کے مفید اور سودمند واقع ہونے پر تاکید کرتےہوئے تجویز پیش کی تھی کہ " تشدد اور انتہا پسندی کے خلاف دنیا " نامی منصوبے کو اقوام متحدہ کے ایجنڈے میں شامل کیا جائے اور سیکا کے بہت سے ممبر ملکوں نے بھی یہ ثابت کیا ہے کہ ایشیاء ، عالمی مذاہب اور مختلف مکاتب فکر کا گہوارا ہونے کی حیثیت سے بدستور تشدد اور انتہا پسندی کے خلاف نبرد آزما ہے ۔ صدر مملکت ڈاکٹر روحانی نے مہلک ہتھیاروں کی نابودی کے لئے سیکا کے ممبر ملکوں کے مشترکہ اقدام پر تاکید کرتےہوئے کہا کہ ان ہتھیاروں کے خطرات کو دور کرنے کا واحد راستہ ان کو تباہ کردیناہے۔ ڈاکٹر روحانی نے کہا کہ سیکا کے ممبر ملکوں کے درمیان مشترکہ سرمایہ کاری اور اقتصادی بندھنوں ميں استحکام ہی ، عالمی معیشت میں علاقائی تعاون کے ارتقاء کا سبب بنے گا ۔ سیکا تنظیم کا سربراہی اجلاس 4 سال میں ایک بار ہوتا ہے جبکہ وزرائے خارجہ کا اجلاس 2 سال میں ایک بار ہوتا ہے۔ ایشیا‍ئی ممالک کے باہمی تعاون کو فروغ دینے کے سلسلے میں 1992 میں سیکا تنظیم کی تشکیل کی تجویز پیش کی گئی تھی جبکہ سرکاری طور پر 1996 میں اس کی تشکیل عمل میں آئی ۔ ایران، عراق ، قزاقستان، افغانستان، پاكستان، ہندوستان ، جنوبی کوریا، چین، روس، ہندوستان، فلسطین، منگولیا، قرقیزستان، ازبكستان، تاجیكستان، جمہوری آذربایجان، ترکی ، متحدہ عرب امارات ، بحرین، مصر اور تھائی لینڈ سیکا تنظیم کے رکن ممالک ہیں۔

.......

/169