ابنا: پاکستان الیکٹرانک میڈیا اتھارٹی نے مبینہ طور پر متنازع پروگرام نشر کرنے پر جیو گروپ کے انٹرٹینمنٹ چینل کو شو کاز نوٹس جاری کیا ہے، جبکہ اسلام آباد میں پیمرا کے دفتر کے سامنے مذہبی تنظیموں کےکارکنوں نے جیو کو بند کرنے کیلئے مظاہرے کئے ہیں، پاکستان الیکٹرانک میڈیا اتھارٹی یا پیمرا کی طرف سے جمعہ کو جاری کئے گئے ایک تحریری بیان کے مطابق پیمرا نے جیو انٹرٹینمٹ چینل پر 14 مئی سنہ 2014ء کی صبح مبینہ طور پر متنازع پروگرام نشر کرنے پر جیو کو نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کی ہے، بدھ کو جیو کے ایک مارننگ شو میں اداکارہ وینا ملک اور ان کے شوہرکی شادی سے متعلق ایک پروگرام کے دوران ایک قوالی پیش کی گئی جس کے بعد مختلف حلقوں کی جانب سے اس بات پر شدید اعتراض کیا گیا کہ برگزیدہ ہستیوں سے منسوب قوالی کو جس طرح شادی سے متعلق پروگرام میں پیش کیا گیا وہ انتہائی غیر مناسب تھا۔ پیمرا کے ترجمان فخرالدین مغل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جمعہ کی نماز کے بعد مذہبی تنظیموں کے کارکنوں نے اسلام آباد میں ان کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرے کئے، انکے مطابق مظاہرین جیو چینل کو بند کرنے کا مطالبہ کررہے تھے، پیمرا نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ جیو نے متعلقہ پروگرام کو نشر کرکے پیمرا کے سنہ 2009ء کے ضوابط کی شق اے، آئی اور پی کی خلاف ورزی کی ہے، پاکستان الیکٹرانک میڈیا اتھارٹی نے اپنا بیان میں کہا ہے کہ اس کے علاوہ جیو کے متعلقہ پروگرام کے بارے میں انھیں عوام کی طرف سے کال سینٹر اور ویب سائٹ کے ذریعے پانچ ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئی ہیں، ان شکایات پر ایک ہفتے کے اندر اندر فیصلہ کرنے کیلئے پیمرا ایکٹ کے سیکشن 26 کے تحت انھیں شکایات کونسل کو بھیجا جارہا ہے۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق مختلف مذہبی گروہوں نے متعلقہ پروگرام نشر کرنے پر جیو کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور جمعہ کو ملک کے مختلف شہروں میں جیو کے خلاف مظاہرے کئے ہیں، گزشتہ ہفتے پیمرا نے وزارت دفاع کی جانب سے جیو نیوز کی نشریات معطل کرنے کی درخواست سے متعلق فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ پر وزارت قانون سے رائے مانگی تھی، جس کا پیمرا کے ترجمان کے مطابق تاحال کوئی جواب نہیں آیا، پیمرا کے گزشتہ جمعہ کو ہونے والے اجلاس میں پیمرا کے دو اراکین نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق جیو کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر پیمرا کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا، پیمرا کے دو اراکین اسرار احمد اور میاں شمس نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق جیو کے خلاف کارروائی کرنے کا کہا تھا تاہم دیگر اراکین نے اس تجویز کے برعکس کارروائی سے قبل وزارت قانون سے قانونی مشورے کے حق میں تجویز دی تھی -
.......
/169