1 مارچ 2014 - 20:30
تیونس کے پارلیمانی وفد کا دورہ ایران

ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورای اسلامی کے اسپیکرڈاکٹر علی لاریجانی نے تیونس کے پارلیمانی وفد سے ملاقات میں تاکید کی کہ ایران، تیونس کے انقلاب کی حمایت کرتا ہے۔

ابنا: تیونس کی آئینی اسمبلی اور النہضہ کونسل کے ایک وفد نے ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر سے ملاقات کی ۔ انہوں نے اس ملاقات میں کہا کہ ایرانی عوام نے ہمیشہ تیونس کے انقلاب کی حمایت کی ہے اور ملت ایران، اسلامی ممالک کی آزادی و خودمختاری نیز ان ممالک میں جمہوریت کے استحکام کو خوش آئند قرار دیتی ہے۔ انہوں نے ایران کی سائنس اور ٹیکنالوجی میں موجود توانائیوں اور صلاحیتوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران تیونس کے ساتھ سیاسی، اقتصادی،ثقافتی اور پارلیمانی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر آمادہ ہے ۔ڈاکٹر علی لاریجانی نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ اسلامی ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کی ضرورت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا کہا کہ مختلف شعبوں میں ایران کی پیشرفت، دونوں ملکوں کے درمیان تعاون میں فروغ میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے مغرب کی طرف سے خطے کے انقلابوں کو منحرف کرنے کی سازشوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سامراجی طاقتوں نے جب یہ احساس کرلیا کہ اب وہ مزید آمروں کی حمایت نہیں کرسکتے تو انہوں نے جمہوریت کی ظاہری حمایت کرکے حقیقی جمہوریت کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کر دیں۔انہوں نے کہا کہ ان سازشوں سے مقابلے کے لئے اتحاد و یکجہتی اور ایسے قانون بنانے کی ضرورت ہے جن سے عوام کے حقوق نظرانداز نہ ہوں۔ تیونس کی آئینی اسمبلی اور النہضہ کونسل کے اس وفد نے ایران اور تیونس کے درمیان تعلقات کے نئے دور کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس معاملے میں دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔......./169