ابنا: وزارت خارجہ کی ترجمان نے ایران کے خلاف اس قسم کے دعووں کو خود ساختہ اور بالکل بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ ایران کا پرامن ایٹمی پروگرام، ہمیشہ آئی اے ای اے کی نگرانی میں جاری رہا ہے جس سے علاقے کے کسی ملک کو کوئی خطرہ نہیں رہا ہے۔ مرضیہ افخم نے کہا کہ علاقائی ملکوں سمیت مختلف ملکوں کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا ایران کی خارجہ پالیسی کا ہمیشہ کا ایک اہم اصول رہا ہے جس پر ایران عمل پیرا ہے۔ ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کی جانب سے جنیوا معاہدے پر عملدرآمد شروع ہوگیا ہے امریکی وزیر خارجہ کی جانب سے اس قسم کے دعوے بالکل غیر منطقی ہیں جو جنیوا سمجھوتے پر عملدرآمد کے مخالفین کے دعوؤں کی ترجمانی کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایران، نہ صرف تشدد و بدامنی اور دہشتگردی بلکہ دیگر ملکوں کے اندرونی امور میں اغیار کی مداخلت کے ہمیشہ خلاف رہا ہے اور اس کا ہمیشہ یہ کہنا رہا ہے کہ علاقے میں اغیار کا وجود ہی بدامنی کا باعث ہے اور علاقے کے ممالک، مذاکرات اور اپنے باہمی تعاون اور مفاہمت سے علاقے کے تمام مسائل حل کرسکتے ہیں۔
.......
/169