13 دسمبر 2013 - 20:30
شام میں حزب اللہ کا کردار

حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصر اللہ نے کہا ہے کہ شام میں سعودی عرب مسلسل جنگ کا طبل بجا رہا ہے اور دہشت گردوں کو بھر پور مدد فراہم کررہا ہے۔

ابنا: حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصر اللہ نے او ٹی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شام میں سعودی عرب مسلسل جنگ کا طبل بجا رہا ہے اور دہشت گردوں کو بھر پور مدد فراہم کررہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ شام کے بارے میں حزب اللہ کا مؤقف ابتدا میں صبر و تحمل اور غیر جانبداری پر مبنی تھا لیکن جب واضح ہوگیا ہے کہ شام میں دنیا بھر کہ دہشت گرد جمع ہوگئے ہیں اور شامی حکومت کو گرانے پر کمر بستہ ہوگئے ہیں اور انھیں سعودی عرب سمیت کئی ممالک کی بھر پور حمایت حاصل ہے حزب اللہ نے ان ممالک کے ساتھ رابطہ قائم کیا اور انھیں شام کے بحران کو اندرونی سطح پر حل کرنے کی تاکید کی لیکن سعودی عرب سمیت بعض دیگر ممالک نے شام میں جنگ کا طبل بجانا شروع کردیا جس کے بعد حزب اللہ نے بھی شامی حکومت اور شامی عوام کی کھل کر حمایت کا اعلان کردیا اور اگر ہم شامی حکومت کی شام میں حمایت نہ کرتے تو شام میں سرگرم غیر ملکی دہشت گردوں کا اگلا مرحلہ لبنان ہوتا انھوں نے کہا کہ حزب اللہ نے ابتداء میں شام کے بحران کو سیاسی مذاکرات کے ذریعہ حل کرنے کی تلاش و کوشش کی لیکن جب آشکار ہوگیا کہ امریکہ، اسرائیل، سعودی عرب اور بعض دیگر ممالک شامی حکومت کو دہشت گردوں اور فوجی طاقت کے ذریعہ گرانا چاہتے ہیں تو اس وقت حزب اللہ نے شامی عوام اور حکومت کی عملی اور آشکارا حمایت کا آغاز کردیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اگر دہشت گرد حضرت زینب سلام اللہ علیھا کے روضہ کو شہید کر دیتے تو علاقہ میں ایک عظیم فتنہ برپا ہوجاتا جسے روکنا مشکل ہوجاتا لہذا حزب اللہ نے بعض اہلکاروں کو حضرت زینب (س) کے روضہ کی حفاظت پر مامور افراد کی مدد کے لئے شام بھیج دیا اور اس طرح ہم نے علاقہ میں ایک عظیم فتنہ کا سد باب کردیا اور روضہ اقدس پر ہونے والے دہشت گردوں کے تمام حملوں کو ناکام بنادیا۔

.......

/169