ابنا: وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس ڈرون گرانے کی ٹیکنالوجی ہے اور ہم ڈرون گرا بھی سکتے ہیں لیکن کچھ فیصلے جذبات میں نہیں سوچ سمجھ کر کرنا پڑتے ہیں، وزیر اعظم کا دورہ مثبت رہا ہے جس میں انہوں نے ڈرون حملوں سمیت دیگر اہم معاملات پر کھل کر پاکستان کا موقف بیان کیا ہے، بھارت انتخابات کی خاطر خطے کا امن خراب نہ کرے ہم پر امن ہیں لیکن اپنا دفاع کرنا اچھی طرح جانتے ہیں، جدید آلات تیار کر رہے ہیں اور یہ اس معیار کے ہیں کہ انکی دیگر ممالک کو فروخت بھی کی جا سکے۔ جمعہ کے روز کوٹ لکھپت میں دفاعی آلات کی تیاری کی فیکٹری کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاعی پیداوار نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نوازشریف کے دورہ امریکہ کو ناکام قرار دینا درست نہیں، وزیر اعظم کا دورہ نہایت کامیاب رہا ہے جس میں انہوں نے ڈرون حملے روکنے سمیت دیگر اہم معاملات پر پاکستان کا موقف بیان کیا ہے، ڈرون حملے روکنے کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس ڈرون گرانے کی ٹیکنالوجی موجود ہے۔ اس سوال کہ کیا پاکستان میں ڈرون گرانے کی جرات نہیں ؟ جس پر رانا تنویر نے کہا کہ جرات تو ایک منٹ کا کام ہے لیکن کچھ فیصلے بہت سوچھ سمجھ کر کرنے ہوتے ہیں۔ انہوں نے بھارت کی طرف سے سرحدوں پر اشتعال انگیزی کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ بھارت کے کچھ اندرونی ایشوز ہیں جس کے باعث وہ ہم سے چھیڑ چھاڑ کر رہا ہے، بھارت کو لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی سے باز رہنا چاہیے، ہم ہمسایوں سے امن سے رہنا چاہتے ہیں تاہم اگر بھارت چھیڑ خانی سے باز نہ آیا تو پھر خرابی پیدا ہو گی اور ہم دفاع کرنا جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سوچی سمجھی سازش کے تحت کنٹرول لائن پر امن تباہ کر رہا ہے اور بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ کو انتخابات کی خاطر امن کو خراب نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان گلوبل دنیا کا حصہ بننا چاہتا ہے، جدید آلات تیار کر رہے ہیں اور یہ اس معیار کے ہیں کہ انکی دیگر ممالک کو فروخت بھی کی جا سکے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲
24 اکتوبر 2013 - 20:30
News ID: 475448
وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس ڈرون گرانے کی ٹیکنالوجی ہے